پانچ سالوں میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے متعدد مسائل حل کئے ہیں، احسن اقبال

This slideshow requires JavaScript.

(اوسلو بیورو رپورٹ)

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ پانچ سالوں کے دوران بجلی کے بحران کے خاتمے اور دہشت گردی پر قابو پانے کے حوالے کے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے چیدہ چیدہ رہنماووں اور سماجی شخصیات کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ احسن اقبال اپنے چارملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں نارویجن حکام سے دہشت گردی کے خلاف اقدامات سمیت متعدد دوطرفہ امور پر بات چیت کے لیے  گذشتہ روز دو روزہ  دورے پر ناروے پہنچے تھے۔ کمیونٹی کے اجتماع میں وفاقی وزیر کے خطاب سے قبل ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود نے مہمان وزیرکا تعارف کروایا اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈپٹی ہیڈ آف مشن زیب طیب عباسی نے انجام دیے۔

احسن اقبال نے کہاکہ جب پانچ سال قبل یہ حکومت برسر اقتدار آئی تو چھ ہزار سے سات ہزار میگاواٹ بجلی ضرورت سے کم پیدا ہورہی تھی۔ پورے ملک میں لوڈشیڈنگ ہورہی تھی۔ اب بہت کم لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ پانچ سال قبل ملک میں دہشت گردی کی یہ حالت تھی کہ کراچی جیسے شہر سے سرمایہ کار و کاروباری لوگ بھاگ کر دوبئی، ملائیشیا اور کنیڈا جارہے تھے۔ ایک سو کارخانے بند ہونے والے تھے، اب یہ کارخانے بحال ہوگئے ہیں۔ کراچی میں بھتہ مافیاکا راج خاتم ہوگیاہے۔ اب دہشت گردی پر کافی حد تک قابو حاصل کرلیا گیا ہے اور دہشت گرد ملک سے بھاگ رہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: چیئرمین پاکستان یونین ناروے  نے اوورسیزپاکستانی سے متعلق مطالبات وزیرداخلہ احسن اقبال کو پیش کردیئے

انھوں نے سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک سے چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے چین کے ساتھ طے ہوئے تھے جن میں انتیس ارب سرمایہ کاری پاکستان میں آچکی ہے۔ سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔

وفاقی وزیر کے سامنے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے رہنماووں  نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پیش کئے۔ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق نادرا، امیگریشن، پولیس، ریونیو، پراپرٹی و دیگرمتعلق مسائل وفاقی وزیرکے سامنے بیان کئے جن پر احسن اقبال نے یقین دلایا کہ وہ جتنا ممکن ہوسکا یہ مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔




Recommended For You

Leave a Comment