چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے اوورسیزپاکستانی سے متعلق مطالبات وزیرداخلہ احسن اقبال کو پیش کردیئے

 

اوسلو: پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو ناروے سمیت تمام ممالک میں مقیم پاکستانیوں (اوورسیزپاکستانیوں) کے امورسے متعلق مطالبات پیش کردیئے۔

وفاقی وزیراحسن اقبال جو ان دنوں نارویجن حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے اوسلو میں ہیں، نے گذشتہ روز پاکستانی سفارتخانے میں کمیونٹی کے چیدہ چیدہ رہنماووں کے اجتماع سے خطاب کیا۔ اس دوران سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے نہ صرف زبانی اوورسیزپاکستانیوں سے متعلق مسائل وزیر داخلہ کے گوش گزار کئے  بلکہ ان موضوعات کو تحریری صورت میں بھی وزیرداخلہ کو پیش کیا۔

ان گزارشات میں کہاگیاہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کے لیے پاکستان کی پارلیمنٹ میں مخصوص کوٹے کے تحت نشستیں مختص کی جائیں اور انہیں ووٹ کا حق دیا جائے۔

انھوں نے نادرا سے متعلق مسائل کو پیش کیا اور نادرا کارڈ کے اجرا کو آسان بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ بقول انکے، نادرا کارڈ کی تجدید کے لئے دوبارہ کاغذات مانگ لیتے ہیں جو پہلے ہی نادرا کے پاس موجود ہوتے ہیں۔ یہ مطالبہ کیاگیا کہ نادرا کی فیس کم کی جائے اور سات سال کے بجائے طویل مدت کے لیے کارڈز جاری کئے جائیں۔

انھوں نے کہاکہ پاکستانی شہریت کی واپسی کی صورت میں این او سی جاری کرنے میں غیرضروری تاخیر نہ کی  جائے اور پاسپورٹ بنانے کے لیے تمام سفاتخانوں میں مشین ریڈایبل سسٹم لگایاجائے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان میں جائیداد سے متعلق مسائل سے متعلق کہاکہ ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے اور امیگریشن، کسٹم اور پولیس کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ وہ ائرپورٹس پر اووسیزپاکستانیوں کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کریں اور غیرضروری سوالات سے گریزکریں۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ اہلکاروں کا منفی رویہ اوورسیزپاکستانیوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتاہے اور سامان کی ضرورت سے زیادہ تلاشی لی جاتی ہے اور سفری دستاویزات پر بلاوجہ شکوک و شبھات ظاہرکئے جاتے ہیں جن کی بناپر بعض اوقات اوورسیزپاکستانی اپنی پروازیں بھی کھو بیٹھتے ہیں۔

 انھوں نے مطالبہ کیا کہ عام پاکستانیوں کی طرح، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں قیام کے دوران اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ لائسنس کی ضرورت ہوتی ہے لہذا ان کو اسلحہ لائسنس کے اجرا اور اس کی تجدید کی سہولت فراہم کی جائے۔

چوہدری قمراقبال نے مزید کہاکہ پاکستانی سفارتکاروں کی بیرون ممالک تعیناتی میرٹ پر کی جائے۔ ان کی تربیت اور تقرری کے حوالے سے جن اہم مقاصد کو مدنظر رکھا جاتاہے، ان میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانا اور اوورسیزپاکستانیوں کو اچھی سروس فراہم کرنا بھی شامل کیاجائے۔

 
 




Recommended For You

Leave a Comment