اوسلومیں پاکستانی صحافیوں کے لیے تربیتی ورکشاپ بیس اگست کو ہوگی

اوسلو(پ۔ر) پاکستان یونین ناروے یوم آزادی پاکستان پر پاکستان سے ناروے آنے والے اورناروے سمیت یورپ میں
مقیم صحافیوں کے لیے دارالحکومت اوسلومیں بیس اگست کو ایک میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کررہی ہے۔میڈیاورکشاپ کے انعقادکے حوالے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی صدارت میں یونین کے مشاورتی بورڈکے ایک اجلاس میں منظوری دی گئی تھی ۔ بورڈ کے اراکین نے صحافیوں کے لیے ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز پر خاصی دلچسپی ظاہرکی اوراسے ایک قابل عمل اور مفید تجویزقراردیا۔یا درہے کہ ہرسال چودہ اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مختلف اخبارات اورخبررساں اداروں سے وابستہ پاکستانی صحافی ناروے آتے ہیں اور چند دن ناروے میں قیام کے بعد واپس اپنے وطن روانہ ہوجاتے ہیں۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ مجوزہ ورکشاپ کے دوران صحافیوں کو نہ صرف خبر، اخباری سٹوری و آرٹیکل کی تیاری میں جدید تکنیک سے آشناکیاجائے گا بلکہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیاکی سائیکالوجی سے بھی آگاہ کیاجاسکتاہے اورحتیٰ کہ صحافی اس ورکشاپ کے ذریعے جدید صحافتی رحجانات اور نئے ابزارکے استعمال سے بھی مطلع کئے جائیں گے۔ اوورسیزپاکستانیوں بالخصوص نارویجن پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے میڈیاکا کرداربھی ورکشاپ کے موضوعات میں شامل ہوگا۔اجلاس کے دوران بتایاگیاکہ اس ورکشاپ میں خصوصی شرکت کے لیے برطانیہ میں مقیم کہنہ مشق صحافی و چیف ایڈیٹرروزنامہ خلش احمدنظامی اور خاتون صحافی کوثر خان بھی ناروے آرہے ہیں۔پروگرام کو سینئرصحافی اورریسرچ سکالر سید سبطین شاہ کوآرڈینیٹ کررہے ہیں۔پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویزاور یونین کی پبلسٹی ونگ کے انچارج منشاء خان بھی میڈیا ورکشاپ کے منتظمین میں شامل ہیں۔پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کاکہناہے کہ جس طرح ہرشعبے میں نت نئی ایجادات سامنے آرہی ہیں، اس طرح میڈیاکاشعبہ بھی بہت تیزی سے جدیدسہولیات سے آراستہ ہورہاہے اورپاکستانی میڈیاکو جدید زمانے کے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کوآگے لے جاناہوگاتاکہ اس زمانے کے چیلنجوں سے مقابلہ کرسکیں۔ انھوں نے کہاکہ میڈیا ورکشاپ کے انعقاد کا ایک مقصد یہ بھی اوورسیز پاکستانیوں خصوصاً ناروے میں مقیم پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کومیڈیاکے ذریعے اجاگرکرنے کے لیے مددملے۔ انھوں نے کہاکہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں موجودمسائل کی نشاندہی کریں۔ باہر رہنے والے پاکستانیوں کو پاکستان میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل کو حکام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردارادا کرسکتاہے۔انھوں نے امید ظاہرکی کہ پاکستان میں صحافتی ادارے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اپنے اخبارات، رسائل اور ٹی وی کے ذریعے اٹھائیں گے اور اس سے ان مسائل کے حل کی راہ ہموارہوگی۔

Recommended For You

Leave a Comment