وارسا (پ۔ر)
پولینڈ میں مقیم متحرک پاکستانی شخصیت اور پولش پاکستانی کمیونٹی کے ایک اہم رہنماء سید طاہرعلی شاہ نے اپنے ایک بیان میں دوبئی کےمعروف ہاکی آرگنائزر اور ہردلعزیز پاکستانی شخصیت صفدر چیمہ کے انتقال پر انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی قومی کھیل ہاکی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستانی صفدر چیمہ مختصر علالت کے بعد گذشتہ روز دوبئی میں رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔ پاکستان کے شہر گکھڑ سے تعلق رکھنے والے صفدر چیمہ عرصہ چالیس سال سے دوبئی میں بسلسلہ روزگار مقیم تھے۔
سید طاہر علی شاہ نے کہاکہ میں نے دوبئی میں اپنے قیام کے دوران صفدر چیمہ سے بہت کچھ سیکھا اور وہ اس لیے ہمارے لیے انتہائی قابل احترام تھے۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ہاکی کے کھیل سے بے حد محبت کی بناء پر انہوں نے امارات میں ہاکی کے کئی شاندار ایونٹس منعقد کرائے اور پاکستان کے معروف اولمپینز ، انٹرنیشنل اور نیشنل کھلاڑیوں کو ان ایونٹس میں شرکت کا موقع بھی فراہم کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہم صفدر چیمہ کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک طویل عرصہ امارات میں ہاکی کے کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے اپنے ساتھی آرگنائزرز فاروق حکمت، شفیق الرحمٰن، چوہدری حمید (راوی گروپ دوبئی)، رضا عابدی جیسی شخصیات کے ساتھ مل کر ہاکی کے حوالے سے پروگرامز منعقد کروائے۔ وہ ہاکی کے شائقین میں ہاکی سپورٹس آرگنائزر کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔ مرحوم صفدر چیمہ کا جسد خاکی بہت جلد پاکستان روانہ کیا جائے گا۔ انکی نماز جنازہ انکے آبائی شہر میں ادا کی جائیگی۔
طاہر علی شاہ نے صفدر چیمہ کی وفات پر انکے اہل خانہ سے تعزیت اور اللہ پاک سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔