ناروے میں پاکستانیوں کی سکونت کے پچاس سال پورے ہونے پر شاندار تقریبات منعقد ہونگی، اوسلو کی مقامی حکومت کا اعلان

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (خصوصی رپورٹ)۔

ناروے کے دارالحکومت اوسلو شہر کی مقامی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک میں پاکستانیوں کی سکونت کے پچاس سال پورے ہونے پر گولڈن جوبلی منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں بہت جلد پروقار ثقافتی تقریبات کے انعقاد کی تواریخ مقرر کی جائیں گی۔  

اوسلو کے ٹاؤن ہال میں گذشتہ روز اس حوالے سے منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران اوسلوشہر کی مقامی حکومت کے سربراہ مسٹر ریمونڈ جوہانسن اور اوسلو کی میئر مس مریانے بورگن نے بتایاکہ وہ اس حوالے سے نارویجن پاکستانی تنظیموں اور اہم شخصیات سے مزید صلاح و مشورہ کرکے تاریخ کا اعلان کریں گے۔

گذشتہ روز کی خصوصی تقریب میں سابق رکن نارویجن پارلیمنٹ چوہدری خالد محمود، پاکستان ویلفیئر یونین ناروے کے سربراہ میر فضل حسین، چودہ اگست کمیٹی کے سربراہ عامرجاوید شیخ اور سرپرست صوفی محمد انور، پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویزمہر، کہنہ مشق سماجی شخصیت قیصر سعید، قیادت ٹی وی کے سربراہ چوہدری محمد شریف گوندل، مقامی انڈرگراونڈ ریلوے یونین کے جنرل سیکرٹری علی اصغر شاہد اور اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کے صدر مرزا محمد ذوالفقار و جنرل سیکرٹری راشد اعوان، ادبی تنظیم حلقہ ارباب ذوق کے سربراہ آفتاب وڑائچ، شعیب سلطان اور کمیونٹی کی فعال شخصیت چوہدری فتح محمد موجود تھے۔

ناروے میں پاکستانی قلیل تعداد میں ساٹھ کے دہائی کے اختتام پر آنا شروع ہوئے جبکہ ان لوگوں کی زیادہ تعداد کی آمد کا سلسلہ ستر کی دہائی کے اوائل میں شروع ہوا۔

کہنہ مشق سماجی شخصیت قیصر سعید کہتے ہیں کہ ہمارے لئے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ گذشتہ پچاس سالوں میں ہم نارویجن پاکستانیوں نے بہت ترقی کی اور اپنے معاشی حالات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی مستحق لوگ کی مدد کی ہے۔

پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز کا کہنا ہے کہ پچاس سالہ تقریبات اگست میں یوم پاکستان کے نزدیک ہونی چاہیں تاکہ نارویجن پاکستانیوں کے لیے یوم آزادی پاکستان کی خوشیاں دوبالا ہوسکیں۔

اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے صدر مرزا ذوالفقار کا کہناہے کہ نارویجن پاکستانیوں کا یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے محنت کرکے اپنے وطن کا نام روشن کیا۔

واضح رہے کہ آج ناروے میں پاکستانیوں کی آبادی چالیس ہزار کے لگ بھگ ہے اور یہ لوگ ناروے کی ترقی میں پیش پیش ہیں۔ سیاست سے لے کرتجارت تک پاکستانی ناروے کے نظام میں نمایاں عمل دخل رکھتے ہیں۔ نارویجن پاکستانیوں کی نئی نسل میں ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر شعبوں سے وابستہ لوگ ہیں اور ترقی کی منازل پر رواں دواں ہیں۔

Recommended For You

Leave a Comment