’نواز شریف کی علاج کیلئے بیرون ملک منتقلی کی کوئی تجویز نہیں‘

سروسز اسپتال کے پرنسپل محمود ایاز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک منتقل کرنے کی کوئی تجویز نہیں،انجیو گرافی کرانے کیلئے بھی نہیں کہا گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں محمود ایاز نے کہا کہ میڈیکل بورڈ آج نواز شریف کی تمام رپورٹس کامعائنہ کرے گا اور علاج کا لائحہ عمل طے کرے گا۔

سروسز اسپتال کے پرنسپل نے کہا کہ ماہرین امراض دل آج نواز شریف کا چیک اپ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کے مرض کی علامات دیکھتے ہوئے ٹیسٹ اور ادویات تجویز کی گئیں۔

محمود ایاز نے نواز شریف کو علاج کے لئے بیرون ملک منتقل کرنے کی تجویز کے حوالے سے کہا کہ ایسی بات کسی نے پیش کی گئی اور  نہ ہی کہیں سے سامنے آئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کا سروسز اسپتال میں آج تیسرا دن ہے، میڈیکل بورڈ ان کی ٹیسٹ کی رپورٹ کی روشنی میں علاج کا لائحہ عمل طے کرے گا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیراعظم کے بائیں گردے میں پتھری کی تشخص ہوئی تھی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے دل کا ٹروپ آئی ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے،جس کا مطلب ہے کہ انہیں ہارٹ اٹیک نہیں ہوا۔

Recommended For You

Leave a Comment