شہباز شریف کی نیب سے متعلق باتیں قابل یقین ہیں،تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی نیب سے متعلق باتیں قابل یقین ہیں، چیئرمین نیب کے پاس کسی کو گرفتار کرنے کیلئے خوفناک اختیارات ہیں، شہباز شریف کل بھی معصوم بنتے تھے آج اسمبلی میں بھی معصوم بنتے رہے، شہباز شریف نے آج پارلیمنٹ میں بالکل صحیح تقریر کی ہے، شہباز شریف کو پکڑا آشیانہ میں اور خواجہ آصف کیخلاف گواہ بنایا جارہا ہے اس پر نیب کو شرم آنی چاہئے،زینب کے قاتل عمران کو پھانسی سے بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ رُکنے والا نہیں ہے، اس کیلئے معاشرے کی ذہنی تربیت کے ساتھ بچوں کو آگاہی بھی دینا ہوگی ان خیالات کا اظہار امتیاز عالم، حسن نثار، بابر ستار، حفیظ اللہ نیازی، سلیم صافی اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان ابصاکومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سلیم صافی نے کہا کہ شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں تقریر اور میڈیا سے گفتگو میں اصل وجہ بیان نہیں کی، ن لیگ نے نیب کے ظالمانہ قانون میں اصلاحات نہیں کی اس لئے ان کے ساتھ صحیح ہورہا ہے، نیب کو پہلے مسلم لیگ ق پھر پی ٹی آئی بنانے اور پھر اسے جتوانے کیلئے استعمال کیا گیا،،شہباز شرف نے فواد حسن فواد کے وعدہ معاف گواہ بننے کی بھی تردید کردی ہے۔بابر ستار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی نیب سے متعلق باتیں قابل یقین ہیں، نیب کا ریکارڈ اور اس وقت کا ماڈل ہمارے سامنے ہے،، نیب وائٹ کالر کرائم میں 90دن کا ریمانڈ لے سکتی ہے حالانکہ کرمنل معاملات میں اتنا ریمانڈ نہیں ہوتا ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ شہباز شریف کل بھی معصوم بنتے تھے آج اسمبلی میں بھی معصوم بنتے رہے، آشیانہ کیس اگر غلط ہے تو یہ نیب کا شہباز شریف پر احسان ہے۔امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں حکومتی و اپوزیشن قیادت میں احتساب کے قانون کو بہتر بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے جو آ ج کی بہت مثبت پیشرفت ہے۔

Recommended For You

Leave a Comment