اسلام آباد، لاہورسمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلہ

اسلام آباد،لاہور سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں 6 اعشاریہ 2 شدت کے زلزلے سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور اونچی عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع کے مطابق کامونکی،شیخوپورہ،قصور ، کوٹلی،راولہ کوٹ،مظفر آباد،میر پور آزاد کشمیر, پشاور، ملتان، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں زلزلے سے بیلہ کے علاقے میں ایک اسکول کی چھت گر گئی جس سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ ایک گھر کی چھت گرنے کی بھی اطلاعات ہیں جہاں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اور اس کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں میں کوہ ہندوکش تھا، جبکہ اس کی گہرائی  178 کلومیٹر تھی۔

اسلام آباد میں زلزلے کے باعث سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت کے دوران وکلا اور دیگر افراد عدالت سے باہر آگئے، جبکہ پارلیمنٹ میں صنعت و پیدوار کمیٹی کے اراکین اجلاس میں موجود تھے جو زلزلے کے باعث خوف سے باہر آگئے۔

تاحیات نا اہلی ہے یا نہیں سے متعلق کیس کی سماعت میں جہانگیر ترین کے وکیل کے دلائل کے دوران زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تحمل رکھیں کچھ دیر کے آفٹر شاکس ہیں ختم ہو جائیں گے۔

اس کے جواب میں وکیل جہانگیر ترین نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے جب میں دلائل کے لیے روسٹر پر ہوں اور زلزلہ آگیا۔

پشاور کے علاقےلنڈی ارباب میں زلزلے کےباعث اسکول میں بھگڈر مچ گئیجبکہ ملک کے بیشتر علاقوں سےلوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے تین سے چار سیکنڈ تک محسوس کیے گئے تاہم ان کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

اس کے علاوہ بھارت کے شمالی علاقوں سمیت کابل اور نئی دلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں سُپر بلیو بلڈ مون‘ ہو گا اور ماہرین کے مطابق جب بھی سپر مون ہوتا ہے تو زمین پر چاند کی کشش بے پناہ بڑھ جاتی ہے جس کے سبب اس قسم کے واقعات پیش آنے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے۔

ماضی میں بھی سپر مون کے موقع پر ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جس کے سبب ماہرین نے اس قسم کے حادثات کی پیشن گوئی کر رکھی ہے۔

خبر: جنگ




Recommended For You

Leave a Comment