مشرف اور ایدھی کو ناروے میں ایوارڈز: دونوں کو پاکستان یونین ناروے نے اوسلو مدعو کیاہے

اوسلو(پ۔ر) پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام سترسالہ جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک بھرپور تقریب کی تیاریاں جاری ہیں۔ پروگرام کی تیاریوں کاجائزہ لینے کے لیے پاکستان یونین ناروے کے مرکزی بورڈ کااجلاس گذشتہ رو ز یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی صدارت میں اوسلومیں ہوا۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ تقریب انیس اگست کو دارالحکومت اوسلو کے مضافاتی شہر لورنسکگ میں شام پانچ بجے شروع ہوگی ۔اجلاس میں سیدذکی الحسن شاہ ، ملک پرویز، شیخ فوادانور، منشاء خان نوناوالی، محمد اصغر، میرناصر، چوہدری محمد اکرم سیکریالی، ڈاکٹرجمیل، شاہد منیر ، خاورعباس، شاہ رخ سہیل، شاہد حسین ، طاہرمحمود، غلام سرور ، وقارانصر، عاطف محمود و دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے مطلع کیاکہ پروگرام کے حوالے سے لوگوں سے رابطے مکمل ہوچکے ہیں اور مقامی مہمانوں کی طرف ان کی شرکت کے لیے تصدیق کا عمل بھی آخری مراحل میں داخل ہوچکاہے۔ پروگرام کے منتظمین کوتمام امورکی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ یہ بھی بتایاگیاکہ پروگرام میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ، ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی مرحوم عبدالستار ایدھی کی زوجہ بیگم بلقیس ایدھی اور صاحبزادے فیصل ایدھی مہمانان خصوصی کے طورپر شریک ہوں گے۔ ان کے علاوہ ڈی آئی جی پولیس لاہورشاہد حنیف کی پروگرام میں شرکت بھی متوقع ہے۔پروگرام کے موقع پر مہمانوں کی بڑی تعداد کو مدعو کیاگیاہے۔ ناروے کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی مہمانوں کو دعوت دی گئی ہے۔ پروگرام کے دوران صدرجنرل مشرف کو ملک و قوم کے لیے گرانقدر خدمات پر اوربیگم بلقیس ایدھی کو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل جدوجہدپرخصوصی ایوارڈ زدیئے جائیں گے۔ اس موقع پر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنماء خواجہ ساجد رزاق سکہ اور کہنہ مشق صحافی اور لکھاری احمد نظامی (چیف ایڈیٹراخبارخلش برطانیہ) اور سابق صدر پریس کلب گجرات اورڈان اخبارکے صحافی وسیم اشرف بٹ کو بھی اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ ایوارڈ ز کی نامزدگی پاکستان یونین کی ایوارڈ کمیٹی نے دی ہے۔ پاکستان یونین ناروے کے بیان میں مزید کہاگیاہے کہ یونین نے گذشتہ کئی سالوں سے کوشش کی ہے کہ ایسی اہم شخصیات کو پروگرام میں مدعوکیاجائے جو اپنی علمی، سماجی و قومی خدمات کی وجہ سے پاکستانیوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔پاکستان یونین ناروے اس بارانیس اگست کے مین پروگرام کے علاوہ بیس اگست کو میڈیا ورکشاپ ، اکیس اگست کو جبری شادی کے ایشوپر اور بائیس اگست کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے موضوع پربھی الگ الگ سیمینارز کا انعقاد کرے گی۔پاکستان یونین ناروے نے نارویجن پاکستانی نوجوانوں کی تنظیم “Diskusjonsforum for
Samfunnsengasjerte Norsk Pakistanere”
کی طرف سے پروگرام کے انعقاد میں تعاون خصوصاً ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈ ریزنگ کے اقدام کو قابل ستائش قراردیاہے۔یونین نے خاص طورپر تنویراحمداور محسن راجہ سے ان کی کاوش پر اظہارتشکرکیاہے۔

Recommended For You

Leave a Comment