سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان کی نارویجن پاکستانی علماء سے تعارفی ملاقات

This slideshow requires JavaScript.

           (اوسلو (خصوصی رپورٹ، تصاویر بشکریہ عامرلطیف بٹ

ناروے میں تعینات پاکستان کے سفیر ظہیرپرویز خان نے گذشتہ روز نارویجن پاکستانیوں کی مساجد اور دینی اداروں کے علماء اور منتظمین سے تعارفی ملاقات کی۔

یہ ملاقات سفارتخانہ میں ہوئی اور اس دوران ان دینی شخصیات نے سفیر ظہیر پرویزخان کو یقین دلایا ہے کہ ڈیمز کے لئے جاری فنڈریزنگ کے سلسلے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

اس موقع پر سفارتخانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محترمہ زیب طیب عباسی اور کمیونٹی ویلفیئراتاشی خالد محمود بھی موجود تھے۔

اس ملاقات میں جو علماء شریک ہوئے ان میں مسجد مرکزی جماعت اہل سنت اوسلو کے خطیب مولانا سید نعمت علی شاہ بخاری، اسلامک کلچرل سنٹر کے علماء مولانا محبوب الرحمان، مولانا ڈاکٹر حمید فاروق اور مولانا فضل ہادی، انجمن حسینی ناروے کے امام جمعہ علامہ ڈاکٹر سید زوارحسین شاہ، بزم نقشبند اوسلو کے عالم دین مفتی زبیر تبسم، ورلڈ اسلامک مشن اوسلو کے پیش امام حافظ شیرازحسین اور مسجد موٹنسرود اوسلو کے امام مولانا طاہر عزیز نمایاں تھے۔  اس دوران توحید اسلامک سنٹرکے سید سجاد کاظمی اور سید سلیم زیدی، پاک۔ناروے چیمبرآف کامرس کے صدر سید حسنین اشعرعاشی، انجمن حسینی اوسلو کے  ملک فداحسین، ملک حسنات عباس، میثم عباس، چوہدری نذیر موجیانوالا اور محمد اشرف بھی موجود تھے۔

سفیر پاکستان ظہیرپرویز خان نے کہاکہ نارویجن پاکستانیوں کی پاکستان کے لیے سماجی خدمات قابل تعریف ہیں کیونکہ ہرمشکل وقت میں ان پاکستانیوں نے پاکستان میں اپنے ہم وطنوں کی مدد کی ہے۔

انھوں  نے اس بات کی بھی تعریف کی کہ ناروے میں مقیم علماء اور دینی اداروں کے مابین کوئی تفرقہ بازی اور مسلکی تعصب اور نفرت نہیں۔

سفیر پاکستان نے علماء کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ علماء نے ہمیشہ سختیاں اور مشکلات برداشت کرکے دین کی تقویت کے لیے خدمات انجام دی ہیں۔

 مسجد مرکزی جماعت اہل سنت کے امام مولانا سید نعمت علی شاہ نے کہاکہ نارویجن پاکستانی اپنے آبائی وطن پاکستان کے ساتھ بے حد محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ دل کھول کر مشکل وقت میں مدد کرتے ہیں۔

اسلامک کلچرل سنٹر کے مولانا محبوب الرحمان نے کہاکہ ناروے میں مسلکی بنیاد پر تعصب نہ ہونا پورے یورپ  میں ایک مثال ہے۔ اسی طرح غوثیہ مسلم سوسائٹی کے امام مفتی زبیرتبسم اور پاک۔ناروے چیمبرآف کامرس کے صدر سید حسنین اشعرعاشی نے بھی ملے جلے خیالات کا اظہار کیا۔ 

انجمن حسینی ناروے کے نمائندے ملک حسنات عباس نے ڈیم فنڈ کے حوالے سے تجویز دی کہ بزرگوں کے علاوہ نوجوانوں کے ساتھ بھی رابطہ کیا جائے اور انہیں بھی اس بارے میں اعتماد میں لیا جائے۔

مولانا طاہر عزیز نے کہاکہ ڈیم فنڈ کے حوالے سے چند جمع کرنے کے لیے ناروے کی ہر پاکستانی مسجد کی انتظامیہ اپنے چارجمعے متخص کرے۔

حافظ شیراز حسین نے کہاکہ نارویجن پاکستانی پاکستان کے لیے ہرقسم کی سماجی خدمات سرانجام دینے کے لیے تیار ہیں لیکن ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ جب یہ نارویجن پاکستانی  پاکستان جائیں تو ان کو بھی عزت دی جائے اور ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

سفیر پاکستان نے نارویجن پاکستانیوں کے سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ رابطوں کے فروغ پر زور دیا اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے پاکستان کے حوالے سے مسائل کی بابت سے یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

Recommended For You

Leave a Comment