نو منتخب وزیر اعظم عمران خان آج حلف اٹھائیں گے

Imran Khan Elected as new PM

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج پاکستان کے بائیسویں وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب صبح ساڑھے 9 بجے ایوان صدر میں ہوگی، جس کیلئے تینوں سروسز چیفس اور پارلیمانی رہنماؤں کو دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔

تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھو خصوصی طور پر پاکستان تشریف لائے ہیں، ان کے علاوہ ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کور گروپ کے تمام اراکین کو بھی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ تقریب کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا جائے گا جس کے بعد کابینہ سیکریٹری صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کریں گے۔

تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوگا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے اُن کے عہدے کا حلف لیں گے اور پھر وزیراعظم حلف کی دستاویز پر دستخط کریں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ تک پہنچے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے لیڈر آف دی ہاؤس کے انتخاب میں شہباز شریف کے 96 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ حاصل کیے تھے۔

خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment