ناروے میں پی ٹی آئی امیدوارفیض الحسن شاہ کی حمایت میں جلسہ، میزبانی کے فرائض ذکی الحسن شاہ نے انجام دیئے

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (خصوصی رپورٹ)

پاکستان کے عام پارلیمانی انتخابات میں نارویجن پاکستانیوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور اس سلسلے میں اوسلو اور اس کے مضافات میں کارنر میٹنگز کا آغاز ہوگیاہے۔

اسی نوعیت کی ایک میٹنگ کا انعقاد گذشتہ شام نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے اہم رہنما سید ذکی الحسن شاہ کلےوال سیداں کی طرف سے کیا گیا۔ اوسلو کے مضافات میں اس میٹنگ کے دوران کمیونٹی کے چیدہ چیدہ رہنماووں کو مدعو کیا گیا تھا۔

جلسہ میں چوہدری اظہر رندھیر، حاجی غلام احمد گھرکو، چوہدری الیاس گھرکو، ندیم گھرکو، حاجی اکرم سیکریالی، حاجی شفقت سیکریالی، عبدالرحمن سیکریالی، محمد صدیق برام ویڑا، غلام حسین شاہ سدھڑی، سید زمان شاہ سدھڑی، یاسرحمید، فواد عظیم امرہ، لیاقت علی جوڑا، ریاض ڈھلو، عبدالرحمٰن گوگی دھامہ، چوہدری زاہد اسلم مہمند چک، چوہدری شبیرحسین مہمند چک، تنویراحمد، شبیرنوناوالی، اسلم احسن آف اوجڑیاں، چوہدری افضال دینہ چک، چوہدری غیاث دینہ چک، چوہدری ارشد ساروکی، میاں بشیر چکوڑی، عبدالجبار جنڈو، الیاس پاو، بشارت چوہان، افتخارپنجن، طارق راٹھور، چوہدری شہزاد وڑائچ، میاں شہباز، ذوالفقار کھاریاں، نثارصفدر ٹبی، طاہراکرم ٹھیکریاں و دیگر شریک تھے۔

واضح رہے کہ ناروے میں رہنے والے پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق تحصیل کھاریاں سے ہے اور اس تحصیل کا قومی اسمبلی کا حلقہ این اے۔۷۰ ان اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بہت اہم ہے۔ اس سے قبل اس حلقے سے الیکشن جیتنے والے ن لیگ کے چوہدری جعفراقبال بھی ایک ناروے پلٹ پاکستانی ہیں اور اب اس حلقے سے ان کے مقابلے میں کھڑے ہونے والے پی ٹی آئی کے سید فیض الحسن شاہ بھی نارویجن پاکستانیوں میں گہرا اثرورسوخ رکھتے ہیں۔ ان کے علاوہ پی پی پی کے چوہدری قمرالزمان کائرہ بھی اسی حلقے سے قومی اسمبلی کی رکنیت کے امیدوار ہیں۔ یہ تینوں امیدوار ناروے کے پاکستانیوں کے لیے اہم ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ جعفراقبال اور قمرالزمان کائرہ کو لوگ پہلے آزما چکے ہیں اور اب سید فیض الحسن شاہ کو آزمانا باقی ہے۔




کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی رہنما سید ذکی الحسن شاہ نے کہاکہ لوگ اس سے پہلے مسلم لیگ ن اور پی پی پی کو آزما چکے ہیں اور اب پی ٹی آئی کو موقع ملنا چاہیے۔ انھوں نے سید فیض الحسن شاہ کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو اب برادری سیسٹم کو ختم کرکے اپنے حقوق کے لیے ووٹ دینا ہوگا۔ اگر سوچ میں تبدیلی آئے گی تو تب عملی تبدیلی بھی ممکن ہوگی۔ اب تبدیلی کے لیے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کو موقع ملنا چاہیے۔

اس موقع پر پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاکہ ناروے میں رہنے والے پاکستانیوں کا زیادہ تر تعلق تحصیل کھاریاں سے ہے اور اس تحصیل کے ہرگاوں کی نمائندگی ناروے میں موجود ہے۔ پاکستان میں ہمارے عزیزوں کے ووٹوں کی بہت اہمیت ہے اور یہ ووٹ سوچ سمجھ کراستعمال کرنا ہوگا۔ اس وقت پی ٹی آئی کی ہوا چل گئی ہے اور اب پی ٹی آئی کو بھی موقع ملنا چاہیے۔

ناروے میں رہنے والے  پاکستانی انتخابات میں بعض دیگر جماعتوں بشمول ن لیگ اور پی پی پی کی حمایت کے سلسلے میں بھی صلاح و مشورے کررہے ہیں۔

نارویجن پاکستانیوں کا زیادہ تر خیال ہے کہ پاکستان میں برسراقتدار آنے والی وہ پارٹی ان کے اہم ہے جو ان کے مسائل بھی سنے اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مطالبات میں پاکستانی سفارتخانوں کا ان کے ساتھ بہتر رویہ، پارلیمنٹ میں اوورسیزپاکستانیوں کی نمائندگی، نادرا کارڈ سے متعلق مسائل کا حل اور پاکستان کے مختلف محکمہ جات کا اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ جائز تعاون وغیرہ شامل ہیں۔

Recommended For You

Leave a Comment