اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان میں قانونی مشیر کے تقرر کو سراہا گیاہے

اوسلو (خصوصی رپورٹ)

ناروے سمیت مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے ممتازماہر قانون عظمت فاروق ایڈوکیٹ کی بطور قانونی مشیر تعیناتی کو بہت سراہا گیا ہے۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کی طرف جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق، چوہدری محمد عظمت فاروق ایڈوکیٹ یونین کے قانونی مشیر کے طور پر بلاتفریق سب اوورسیزپاکستانیوں کے تمام انفرادی اور اجتماعی مسائل میں ان کو قانونی امداد فراہم کریں گے۔

گذشتہ روز پاکستان یونین ناروے کے انتطامی امور کے سربراہ چوہدری منشا خان نے گجرات میں عظمت فاروق ایڈوکیٹ کے دفتر جاکر یونین کی طرف سے ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن ان کے حوالے کیا۔

ناروے میں مقیم پاکستانیوں کا کہناہے کہ اس اقدام کے بعد دنیاکے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی اب پاکستان میں اپنے مسائل کے حل کے لیے قانونی ماہرین کے ذریعے پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرسکیں گے۔

سماجی رہنما اور اوسلو کی انڈرگراونڈ ریلوے کی لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری علی اصغر شاہد کے مطابق، پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے ایک انتہائی اہم قدم اٹھاتے ہوئے اوورسیزپاکستانیوں کی پاکستان میں قانونی مدد کے لیے ایک ماہرقانون مشیر مقرر کیاہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل حل کروانے میں مدد ملے گی اور ان پردیسیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

حلقہ ارباب ذوق ناروے کے سربراہ آفتاب وڑائچ نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اچھا قدم ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کے صدر مرزا محمد ذوالفقار نے کہاکہ اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں بعض محکموں کے عہدیداروں کے منفی رویئے کا سامنا ہے اور اس کے دیگرمسائل میں نادرا کارڈ کی بہت زیادہ فیس، پولیس کی زیادتیوں، پراپرٹی کے مسائل، پارلیمنٹ میں عدم نمائندگی اور ووٹ کے حق سے محرومی وغیرہ شامل ہیں۔

چوہدری محمد عظمت فاروق ایڈوکیٹ دیگر وکلاء کی مدد سے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اعلیٰ عدالتوں اور دیگر مناسب فورمز پر موثر طریقے سے اٹھائیں گے۔

عظمت فاروق ایڈوکیٹ ممتاز قانونی ماہر ہیں۔ وہ سول، ریونیو کے معاملات اور مسلم پرسنل لا پر گہری تحقیق اور تجربہ کے حامل ہیں۔  عظمت فاروق ایڈوکیٹ اوورسیز پاکستانیوں کو نہ صرف قانونی مدد فراہم کریں گے بلکہ وہ تمام ملکوں میں مقیم اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو دیگر متعلقہ فورمز پر بھی اٹھائیں گے۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یونین کی یہ دیرینہ خواہش تھی اور یونین کافی عرصے سے ایک مخلص اور ایماندار ماہرقانون کی تلاش میں تھی۔ بلاخر یونین ایک تجربہ کار ماہر قانون کی مشاورت حاصل کرنے میں کامیابی ہوگئی ہے۔ چوہدری قمراقبال نے امید ظاہرکی کہ اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان یونین ناروے ایک غیرسرکاری تنظیم ہے جو ستر کی دہائی سے نارویجن پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری رضاکارانہ کوششوں کے تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔




Recommended For You

Leave a Comment