ملکی تاریخ میں پہلی بار آرمی چیف کی سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ

Army Cheif Gen Qamar Javed Bajwa

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرہ اجلاس میں بریفنگ دی۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی زیرصدارت اجلاس 4 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا،اجلاس میں آرمی چیف نے قومی سلامتی اور اپنے بیرون ملک دوروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی موجود تھے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی سمیت علاقائی سیکورٹی سے متعلق سینیٹ کی کمیٹی کو آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنر ل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ 41ملکی اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں،اتحاد کے ٹی او آرز ابھی طے ہونا باقی ہیں، ایران اور سعودی عرب کی لڑائی نہیں ہوگی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پارلیمنٹ دفاع اور خارجہ پالیسی بنائے،ہم عملدرآمد کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ٹی وی پر تبصرہ کرنیوالے ریٹائرڈ افسران ہمارے ترجمان نہیں،جو لوگ ٹی وی پر ہمارے ترجمان بنتے ہیں ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

سربراہ پاک فوج کی بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس کے دوران آرمی چیف نے سینیٹرز کی جانب سے کیے گئے سوالات کے جوابات دیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے میڈیا کو بتایا آرمی چیف نے سینیٹ کمیٹی کو قومی سلامتی اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک گھنٹہ بریفنگ جبکہ تین گھنٹے سوال جواب کا سیشن رہا۔

ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق تمام ارکان سوال نہیں کرسکے،کچھ ارکان کےسوالات تھےآرمی چیف نےجواب دے کرتحفظات دورکردیے۔

پاک فوج کے مطابق تمام معزز سینیٹرزنے آرمی چیف کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا،سینیٹرزنےافواج پاکستان کے کردار کو سراہااورقربانیوں کو تسلیم کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی صورتحال پرپاک فوج کےکردار کی تعریف کی گئی اوراتفاق کیاگیاپاکستان کولاحق تمام خطرات کاملکرمقابلہ کریں گے۔

طویل انتظار کے لیے ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ تفصیلی پریس کانفرنس تین چار دن میں کروں گا۔

اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایوان صدر کے راستے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے استقبال کیا۔اجلا س سے پہلے آرمی چیف نے چیئرمین سینیٹ رضاربانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment