دھرنا ختم ہونے والا ہے، کچھ دیر میں پریس کانفرنس بھی ہوگی، احسن اقبال

Ahsan Iqbal Interior Minister of Pakistan

اسلام آباد (جنگ):اسلام آباد ہائی کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی طلبی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بتایا کہ دھرنا ختم ہونے والا ہے، کچھ دیر میں پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے فیض آباد دھرنے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو  15منٹ میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا تھا۔

سماعت کے موقع پر چیف کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ دھرنا مظاہرین سے معاہدہ طے پاگیا اور ہائیکورٹ پر عملدرآمد کردیا جائے گا جس پر جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے معاہدہ کا نہیں فیض آباد کو دھرنا مظاہرین سے خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔

Agreement between Government of Pakistan and Tehreek Labaik Faizabad Dharna

جسٹس شوکت نے استفسار کیا کہ آپ معاہدہ پڑھ کر سنائیں جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ راجا ظفرالحق رپورٹ منظرعام پر لائی جائے گی جس کے تحت ذمہ داران کے خلاف 30 روز میں کارروائی ہوگی۔عدالت نے کہا کہ معاہدہ بہ وساطت میجر جنرل فیض حمید کیا ہے اور آئین کے تحت کسی میجر کو ثالث بننے کا کیسے اختیار ہے۔




عدالت میں وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ دھرنا ختم ہونے والا ہے اور کچھ دیر میں پریس کانفرنس بھی ہوگی جس پر عدالت نے سوال کیا کہ اس کی کیا ضمانت ہے ؟ جس پر وزیر داخلہ نے بتایا کہ دھرنے والوں نے اس حوالے سے لکھ کر دیا ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ حکومت کی امید کے 9ماہ پورے ہی نہیں ہورہے۔ بے رحمی کے ساتھ اسلام آباد انتظامیہ کو ذلیل کرایا، کوئی کور نہیں تھا۔

جسٹس شوکت صدیقی نے ریمارکس دیے کہ وہ تعلیم کے دوران ناموس رسالت کے لیے نعرے لگانے پر جیل جاچکے ہیں۔ عدالت نے دھرنا کیس کی سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کردی۔ 

اس سے قبل گزشتہ سماعت پر عدالت نے فیض آباد دھرنا پریڈ گراؤنڈ منتقل کرنے کے لئے انتظامیہ کو 3 دن کی مہلت دیتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

عدالت نے آج سماعت شروع کی تو وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عدالت میں پیش نہ ہونے پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزیرداخلہ رات بھر دھرنا مظاہرین سے مذاکرات کر رہے تھے اور ساری رات کے جاگے ہوئے ہیں، کچھ دیر میں عدالت کے روبرو پیش ہوجائیں گے۔

 

Recommended For You

Leave a Comment