نوازشریف، مریم اور صفدر پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان

Safdar Nawaz Maryam Accountability court

سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے،جبکہ حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور ملزم قراردیتے ہوئے ایک ماہ میں عدالت پیش ہونے کا اشتہار جاری کردیا۔ جوڈیشل کمپلیکس کے نوٹس بورڈ پر بھی اشتہار آویزاں کر دیا گیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لندن فلیٹس، فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ ا سٹیل ملز ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث لندن میں ہیں اور احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔

ان کی عدم موجودگی میں ہی فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر لندن فلیٹس ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے لندن میں رہائش پذیر حسن نواز اور حسین نواز کو مفرورملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کر دیا ہے اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں ۔ دونوں ملزمان کو بذریعہ اشتہار پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔




ملزمان کی لاہور میں رہائش گاہ اور احاطہ عدالت میں چسپاں کیے گئے اشتہار میں لکھا ہے کہ دونوں ایک ماہ کے اندر عدالت کے سامنے پیش نہ ہو ئے تو انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا ۔

اس اشتہار کی اشاعت کے بعد کسی بھی مرحلے پر جائیداد ضبطی کی کارروائی بھی شروع کی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment