نارویجن پارلیمنٹ کا نائب صدر بننے پر چوہدری قمراقبال کی عابد راجہ کو مبارکباد

اوورسیز ٹریبون رپورٹ

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے عابد قیوم راجہ کو نارویجن پارلیمنٹ کا نائب صدر بننے پر مبارکباد دی ہے

Norway: Chaudhary Qamar Iqbal with Abid Raja

 چوہدری قمراقبال اس سال اگست میں یوم پاکستان کی تقریب پر عابد راجہ کو پھول پیش کررہے ہیں: فائل فوٹو

دو روز قبل نارویجن پاکستانی سیاستدان عابد قیوم راجہ ایڈوکیٹ ناروے کی قومی پارلیمنٹ  کے نائب صدر (ڈپٹی سپیکر) منتخب ہوئے ہیں۔

ناروے کی پارلیمنٹ کے چھ رکنی صدارتی پینل کا انتخاب گذشتہ روز عمل میں آیاجس کے تحت عابد راجہ کو نائب صدور کے پانچ رکنی گروپ میں پانچواں نمبر پر منتخب کیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کی صدارت کے لیے نارویجن سیاستدان اولیمک تھومسن دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔

عابد راجہ کے علاوہ چار دیگرافراد نیلز ٹی۔یورکے، ماگنے رومتوت، ایوا کرستین ھانسن اور مورٹن وولڈ بھی نائب صدور منتخب ہوئے ہیں۔

ناروے کی پارلمانی تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ کوئی مسلمان، نارویجن پاکستانی اور ایشیائی پس منظر رکھنے والا سیاستدان پارلیمنٹ کا ایک نائب صدر منتخب ہوا ہے۔

اس سے قبل بائیں بازو کی جماعت کے نارویجن پاکستانی سیاستدان اخترچوہدری ۲۰۰۹ میں ناروے کی پارلیمنٹ کے نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔

عابد راجہ ان تین نارویجن پاکستانیوں میں شامل ہیں جو گذشتہ ماہ مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارمز سے ناروے کی قومی پارلمان کے رکن منتخب ہوئے۔

دوسرے دواراکین پارلیمنٹ اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کی نائب صدر ھادیہ تاجیک اور کنزرویٹو حکمران ہورے پارٹی کے مدثر حسین کپور ہیں۔

پاکستانیوں کی ناروے میں بڑی تنظیم پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ عابد راجہ اور غیرملکی پس منظر رکھنے والے دیگر اراکین پارلیمنٹ معاشرے کی بہتری اور مساوات خصوصاً غیرملکی پس منظر رکھنے والے نارویجن باشندوں کے قانونی حقوق کی پاسداری کریں گے۔

قمراقبال نے کہاکہ عابد راجہ کی کامیابی خوش آئند بات ہے اور انہیں توقع ہے کہ ناروے کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے وہ اہم کردار ادا کریں گے۔

 یہ خبر بھی پڑھیے:لوگ کیا کہیں گے ؟

انھوں نے کہاکہ عابد راجہ ان پاکستانیوں کی دوسری نسل سے ہیں جو تقریباً چالیس سال قبل پاکستان سے ناروے آئے اور بہت محنت اور دیانتداری سے ناروے میں کام کیا۔

عابد راجہ پیدا تو ناروے میں ہوئے لیکن ان کے والدین ان پاکستانیوں میں سے ہیں جو ستر کی دہائی میں پاکستان کے ضلع گجرات سے ذریعہ معاش کے لیے ناروے آئے تھے۔

عابد راجہ پیشہ ورانہ طور پر ایک وکیل ہیں۔ وہ لا گریجویشن اور فلسفے میں ماسٹر ڈگری کے حامل ہیں جو انھوں نے برطانیہ لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی ہے۔




Recommended For You

Leave a Comment