عائشہ گلالئی کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور دھچکا، ناز بلوچ کے بعد عائشہ گلالئی نے بھی پارٹی کو چھوڑ دیا۔

پی ٹی آئی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ہے، تحریک انصاف میں خواتین کی عزت نہیں ہے، پارٹی ورکرز احتجاج کرتے رہے مگر کسی نے نہ سنی۔

عائشہ گلالئی نے الزام لگایا کہ پارٹی چیئرمین کی وجہ سے ہماری مائیں اور بہنیں محفوظ نہیں ،ان کی حرکتیں ٹھیک نہیں،یہ انگلینڈ نہیں پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسی پارٹی وہ دنیا کو دکھاتے ہیں پی ٹی آئی ویسی نہیں۔




عائشہ گلالئی نے قومی اسمبلی کی نشست چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی امانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 63،62 کا اطلاق اخلاقی طور پر کرپٹ انسان پر بھی ہوتا ہے،پارٹی ورکرز کافی عرصے سے کرپشن سمیت مختلف ایشوز پر احتجاج کرتے رہےہیں۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے کراچی سے تعلق رکھنے والی تحریک انصاف کی خاتون رہنما ناز بلوچ بھی پارٹی چھوڑ چکی ہیں۔

عائشہ گلالئی کے پارٹی چھوڑنے سے متعلق خبر پر فواد چوھری نے کہا کہ پتا نہیں عائشہ گلالئی کو پارٹی سے کیا شکوہ ہے،معلوم کریں گے کہ پارٹی چھوڑنے کی کیا وجوہات ہیں۔

ن لیگ میں شمولیت کی دعوت
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے عائشہ غلالئی کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

امیرمقام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں خواتین کی مکمل عزت کی جاتی ہے،عائشہ گلالئی جیسی خواتین کو مسلم لیگ ن میں کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔

سابق پی ٹی آئی رہنما ناز بلوچ کاتبصرہ
پی ٹی آئی کی سابق رہنما ناز بلوچ نےاس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی نے میری بات کی تصدیق کردی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے پارٹی چھوڑنے پر کہا گیا کہ اچھا ہوا چلی گئی ، کسی کام کی نہیں تھی۔

ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ توقع نہیں تھی عمران خان مجھ جیسی متحرک کارکن کے لئے ایسی بات کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خدارا اپنی خواتین کا احترام کریں ۔

خبر: جنگ



Recommended For You

Leave a Comment