اوسلو: ہمارے پیغمبر(ص) نے دنیا کو امن و محبت کا درس دیاہے، مفتی زبیر و مولانا نوری کا خطاب

نارویجن پاکستانی راجہ غالب کے فرزند مرحوم اسامہ حسین کی برسی پر پاکستانی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیاگیا

اوسلو (پ۔ر) ہمارے پیغمبر (ص) پوری کائنات کے لیے رحمت ہیں۔ وہ ہرمخلوق کے لیے نبی رحمہ ہیں۔ آپ نے دنیا کو امن و محبت کا درس دیا۔ اگرآج لوگ آپ کی تعلیمات پر عمل کریں تو دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ آج کے مسلمانوں کو فخر ہوناچاہیے کہ وہ حضرت ختمی مرتبت سرورکونین (ص)  کی امت میں سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ناروے میں مقیم عالم دین مفتی زبیر تبسم نے نارویجن پاکستانی سماجی شخصیت راجہ غالب حسین کے فرزند مرحوم اسامہ حسین کی برسی پرایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ برسی کا اجتماع بزم نقشبند اوسلو میں منعقد ہوا۔ اس دوران نظامت کے فرائض بزم نقشبند کے امام علامہ نصیراحمد نوری نے انجام دیے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جس کی سعادت قاری اسماعیل نے حاصل کی۔ اس موقع پر حاجی محمد یونس، عبدالمنان اور محمد کفیل نے اپنی اپنی خوبصورت آوازوں میں نبی اکرم (ص) کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر پاکستانی فوج کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیاجنہوں نے میدان جنگ میں دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علامہ نصیراحمد نوری نے کہاکہ شہدا کا خون قوم کی عظمت اور وقار کے تحفظ کے لیے زمین پر گرتاہے اور ہمارے شہداء نے بھی اپنی جان دے کر قوم کے وقار کو بلند کیاہے۔ محفل کے دوران برما کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کی بھی مذمت کی گئی۔

اختتام پر راجہ اسامہ حسین کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔ اختتامہ مرحلے میں بتایاگیاکہ ایصال ثواب کے لیے دوسو اٹھاون بار قرآن کریم کی تلاوت کی گئی، ایک سو اسی بار سورہ یاسین پڑھی گئی اور چارلاکھ انسٹھ ہزار مرتبہ درود پڑھا گیا۔

واضح رہے کہ راجہ غالب حسین کے فررزند راجہ اسامہ حسین آج سے پانچ سال قبل اکیس سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے اور آج ان کی پانچویں برسی منائی جارہی ہے

Recommended For You

Leave a Comment