برما کے مسلمانوں پر مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں، ترجمان پاکستان یونین ناروے

اوسلو (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے کے ترجمان منشاء خان نے کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں پر مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مظلوم برمی رونگھیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر جہاں حقوق انسانی کے عالمی اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے وہاں پر مسلمان ممالک کے حکمرانوں بھی خاموش ہیں۔

انھوں نے کہاکہ گذشتہ کئی سالوں سے میانمار میں نہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں اور ان کی نسل کشی کی جا رہی ہے لیکن ان مظالم کو کوئی روکنے والا نہیں۔

یہ تو سوشل میڈیا ہے جس نے ان مظالم کی خبروں کو پوری دنیا تک پہنچایا ورنہ دنیا ان مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ بلاتفریق نسل، رنگ اور مذہب برما کے مسلمانوں کی مدد کرے اور انہیں مظالم سے نجات دلائے۔

ترجمان نے کہا کہ برما میں اب تک ہزاروں مسلمان درد ناک واقعات میں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ برما کی حکومت مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

منشا خان نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ رونگھیا مسلمانوں کی نسل کشی روکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انسانی المیہ ہے۔ پوری دنیا عموماً اور عالم اسلام خصوصاً ان واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لے تاکہ اس طرح کے غیرانسانی و وحشیانہ واقعات کو روکا جاسکے۔

Recommended For You

Leave a Comment