پاناما، اقامہ بہانا تھے، نوازشریف نشانہ تھے: مریم نواز

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ دھاندلی، دھرنا، پاناما اور اقامہ تو صرف بہانا تھے، نوازشریف ہی اصل نشانہ تھے۔

مریم نواز لاہور میں حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ ن کی امیدوار سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ اور اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مزنگ میں پارٹی دفتر کا افتتاح کر دیا۔

دفتر کے افتتاح سے قبل انہوں نے داتا دربار پر بھی حاضری دی ، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17ستمبر کے ضمنی الیکشن میں شیر آئے گا، شیرآئے گا اور پوری دنیا دیکھے گی، نواز شریف چار سال سے خاموش تھے، اب بول رہے ہیں تو کیوں تکلیف ہو رہی ہے؟ کیا نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ منظور ہے؟ جس پر شرکاء نے نامنظور کے نعرے لگائے۔

مریم نواز نے کارکنوں سے سوال کیا کہ کیا پاکستان کو سڑکوں کا جال دینے والا شخص نااہل ہوسکتا ہے؟کیا پاکستان کو سی پیک دینے والا شخص نااہل ہوسکتاہے؟ کیا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانےوالا شخص نااہل ہوسکتاہے؟ کیا عوام نوازشریف کوچوتھی مرتبہ وزیراعظم بنانے کے لیےتیارہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ این اے120 نے ایک نہیں دو نہیں، تین بار عوام نے نوازشریف کو وزیراعظم منتخب کیا ہے،آپ سے ووٹ مانگنے والوں سے پوچھیں، جہاں ووٹ ملا وہاں کیا کیا ہے؟مقدمہ پاناما سے شروع ہوا اورکہاں پرختم ہوا؟آپ کا لیڈرصادق بھی ہے اورامین بھی ہے،یہ جو لوگ آپ سے ووٹ مانگنےآرہےہیں ، ان سے پوچھیں انہوں نے لاہور کے لیے کیاکیا؟

مریم نواز نے مزید سوال کیے کہ وہ کون ہے جس نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ کےاندھیرے ختم کیے؟وہ کون ہے جس نے لاہور کو میٹرو بس دی ؟ کیا نواز شریف کے خلاف فیصلہ منظور ہے؟ ووٹ کی بے حرمتی کا بدلہ لوگے؟اپنے ووٹ کی عزت کراوگے؟ نواز شریف کےساتھ جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ کراوگے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کواللہ بحال کرے گا،میری اور آپ کی ماں یہاں سے الیکشن لڑ رہی ہے دعا کرو اللہ انہیں صحت دے۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ 17ستمبرکو لاہور بولے گا شیر بولیں گے، اس دن جو جواب دو گے وہ پوری دنیا کو جائے گا۔

 خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment