اوسلو: مرزا ذوالفقار مرحوم کی یاد میں اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے زیراہتمام تقریب، مقررین نے مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (خصوصی رپورٹ)

اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے سابق صدر مرحوم مرزا محمد ذوالفقار کی یاد میں گذشتہ روز شالیمار ریسٹورنٹ اوسلو میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا جس میں ان کے قریبی عزیزوں اور دوستوں سمیت متعدد اہم سیاسی، سماجی، ثقافتی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہوا جس کی سعادت ممتاز عالم دین اور غوثیہ مسلم سوسائٹی کے امام مفتی زبیر تبسم نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد انھوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مرزا ذوالفقار مرحوم ایک اچھے اور ملنسار انسان تھے اور لوگوں کے دکھ و درد میں شریک ہوتے تھے۔

تقریب کے دوران دیگر مقررین نے بھی اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کے سابق صدر مرزا محمد ذوالفقار مرحوم جو ناروے میں پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری بھی تھے، کو ان کی بے لوث سماجی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاا۔

نظامت کے فرائض سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری راشد اعوان نے سرانجام دیئے۔ تقریب کے دوران مرزا ذوالفقار کی زندگی کی تصاویر مبنی پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور سوسائٹی کے شعبہ آئی ٹی کے انچارچ سید فواد حسین شاہ نے مرزا ذوالفقار کے حوالے سے ایک نظم پڑھی اور دعا کرائی۔ معروف نعت خواں عبدالمنان نے بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیر پرویز خان نے کہاکہ انھوں نے مرزا ذوالفقار کو ایک ہمدرد انسان پایا۔ وہ پاکستان کی محبت کے جذبے سے سرشار تھے خاص طور پر وہ نارویجن پاکستانیوں کی سماجی خدمات کے حوالے سے سرگرم رہتے تھے۔ وہ اپنے آپ کو پیچھے رکھ کر کام کرتے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز دانشور اور کہنہ مشق سماجی شخصیت صوفی محمد انور نے کہاکہ اگرچہ مرزا ذوالفقار ان سے عمر میں چھوٹے تھے لیکن ان کی سماجی خدمات ہم سے زیادہ تھیں۔ انھوں نے ناروے میں ہم سے پہلے کام شروع کیا اور سماجی کاموں میں کئی لوگوں سے سبقت لے گئے۔

پاکستان ورکرز ویلفئیر یونین کے سابق صدر ریاض بٹ نے بتایاکہ مرزا ذوالفقار نے ان کے ساتھ مل کر ستر کی دہائی میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام شروع کیا۔ ہماری تنظیم میں دو دھڑے ہوتے تھے اور ان گروپوں کے مابین لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مثبت طرز کا مقابلہ تھا۔ اسی لیے لوگ ایک دوسرے کے مقابلے میں ناروے میں پاکستانی ورکرز کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کرتے تھے۔

یاد رہے کہ مرزا ذوالفقار جو اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کی صدارت کے علاوہ ناروے میں کافی عرصے سے پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری تھے۔ انھوں نے سماجی خدمات کا کام ستر کی دہائی سے شروع کردیا تھا۔ وہ پاکستان ورکز ویلفئیر یونین سے بھی وابستہ رہے۔

اپنے خطاب میں پیپلزپارٹی ناروے کے سینئرنائب صدر علی اصغر شاہد نے کہاکہ ناروے میں ہمارا پھٹوار گروپ سماجی خدمات کے لیے بہت سرگرم رہا اور اس گروپ میں میرے بھائی لیاقت علی ماجد مرحوم اور مرزا ذوالفقار مرحوم بہت ہی سرگرم تھے۔ ہم نے ان شخصیات سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

انھوں نے یہ بھی بتایاکہ ناروے میں پاکستانی طلباء کو مستقل سکونت کے اجازت نامے کے حصول کے لیے ہمارے گروپ کے لوگوں نے بہت کوشش کی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر سات ہزار پاکستانی طلباء نے اس سہولت سے استفادہ کیا تھا۔ یہ ایسے وقت ہوا جب ناروے کی حکومت نے امیگریشن بند کردی تھی اور پاکستانی طلباء سے بھی ناروے سے جانے کے لیے کہاگیا تھا۔

شاعر و ادیب ڈاکٹر سید ندیم حسین جو گذشتہ چند سالوں سے اپنی کم عمر بچی کی ناگہانی موت کی وجہ سے آج بھی دکھی ہیں، نے کہاکہ اپنوں کا غم اپنے ہی جان سکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ان کا مرزا ذوالفقار سے تعلق پچھلے چند سالوں سے تھا۔ وہ ایک اچھے انسان تھے اور انہیں اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

اسلام آباد راولپنڈی ویلفئیر سوسائٹی ناروے کے سابق صدر راجہ فدا حسین نے کہا کہ مرزا مرحوم سے میرا تعلق بہت پرانا ہے۔ میرے ان کے ساتھ گھریلو تعلقات تھے اور آپس میں بھائیوں جیسا سلوک تھا۔

کشمیرسکینڈے نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز خان نے کہاکہ مرزا ذوالفقار کشمیرکاز کے بہت بڑے سپورٹر تھے۔ ہم انہیں فراموش نہیں کرسکتے۔

ہورے پارٹی کے سیاستدان عامر جاوید شیخ نے کہاکہ مرزا مرحوم سے ہمارے بہت اچھے تعلق تھے۔ ان کا میرے ساتھ اور میرا ان سے ہمیشہ تعاون رہا۔

سوسائٹی کے قائم مقام صدر خالد اسحاق دانیال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ  ہم نے مرحوم مرزا ذوالفقار کی صحبت اور رفاقت سے بہت کچھ حاصل کیا، وہ ایک اچھے دوست، رفیق کار اور ہمدرد انسان تھے۔ ہم ہمیشہ انہیں یاد رکھیں گے۔

پاک۔ناروے فورم کے چیف آرگنائزر اسماعیل سرور بھٹیاں جو اوسلو میں معیاری پاکستانی کھانوں کے ریسٹورنٹ کے پروپرائٹر بھی ہیں، نے میڈیا کے ساتھ اپنی خصوصی گفتگو میں کہاکہ مرزا ذوالفقار کئی خوبیوں کے مالک اور ایک ہمہ گیر شخصیت تھے۔ ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا، انہیں ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

تقریب کے دوران ریاض بٹ، صوفی انور، الیاس کھوکھر، چوہدری عجب خان (اپنے والد مرحوم چوہدری نذیراحمد کی جگہ میڈل وصول کیا)، مرزا زین ذوالفقار (اپنے والد مرحوم مرزا ذوالفقار کی جگہ) کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات پر میڈلز دیئے گئے۔

جن دیگر شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ان میں سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی خالد محمود، سوسائٹی کے قائم مقام صدر خالد اسحاق دانیال، فنانس سیکرٹری اقبال اختر خان، سابق صدر ریاض احمد، سابق جنرل سیکرٹری یوسف خان، مرحوم کے فرزند مرزا زین ذوالفقار، چھوٹے فرزند دانیال ذوالفقار، مرحوم کے بڑے بھائی مرزا محمد ثقلین، بھتیجے مرزا تیمور ثقلین، بھابجے ملک بلال اور مخلص الرحمان، سابق رکن نارویجن پارلیمنٹ اطہر علی، پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز مہر، قیادت ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری محمد شریف گوندل، ممتاز دانشور ارشد بٹ، مسلم لیگ ن کے رہنماء خالد نذیر بٹ، عادل منصور اور شاہد تنویر بٹ، دنیا نیوز کے نمائندہ خصوصی عقیل قادر، پاک۔ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، حلقہ ارباب ذوق ناروے کے روح رواں آفتاب وڑائچ، پی پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز، پی پی پی کے سینئر رہنماء جاوید اقبال، حاجی رفیع اللہ، سماجی شخصیات بابر بٹ اور راجہ جاوید اقبال، شاعر و ادیب محمد ادریس لاہوری، ریڈیو اپنی آواز کے ڈائریکٹر عزیزالرحمان اور ادبی شخصیت نثار بھگت قابل ذکر ہیں۔

Recommended For You

Leave a Comment