ناروے: معروف سماجی شخصیت مرحوم مرزا ذوالفقار کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (پ۔ر) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بدھ کے روز معروف سماجی شخصیت، پیپلزپارٹی (پی پی پی) ناروے سابق جنرل سیکرٹری اور اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کے سابق صدر مرحوم مرزا ذوالفقار کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہوا جس کی سعادت ممتاز عالم دین اور غوثیہ مسلم سوسائٹی ناروے کے خطیب مفتی محمد زبیر تبسم نے حاصل کی۔ انھوں نے مرحوم مرزا ذوالفقار کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور انہیں ایک انسان دوست اور محبت الوطن شخصیت قرار دیا۔ دیگر مقررین نے بھی اپنے تاثرات میں مرزا محمد ذوالفقار کو انکی گرانقدر سماجی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ پی پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز گلیانہ نے کہاکہ ہم ایک بہت بڑے رہنماء سے محروم ہوگئے ہیں۔ مرزا ذوالفقار میرے والد کے دوست تھے لیکن میں نے بھی اس کی صحبت سے بہت کچھ سیکھا۔ میں ان کی ہمدردی اور ملنساری کبھی نہیں بھول سکتا۔ وہ بہت متاثرکن شخصیت تھے۔ پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت کرتے تھے۔ وہ ہرشخص کو دوست بنا لیتے تھے۔ پی پی پی ناروے کے سینئرنائب صدر علی اصغر شاہد نے بتایاکہ ان کا مرحوم سے رابطہ اور تعلق ستر کی دہائی سے ہے۔ انھوں نے مرحوم کو ہمیشہ ہمدرد اور دوسروں کی مدد کرنے والا پایا۔ انھوں نے کہاکہ ان کے بھائی مرحوم لیاقت علی ماجد جو ورکرز ویلفیئریونین سے وابستہ تھے، مرحوم مرزا ذوالفقار کے گہرے دوست تھے اور یونین کے پلیٹ فارم پر ان دونوں کے مابین قریبی رابطہ کار رہا۔ کشمیر سکینڈے نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنوازخان نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مرحوم مرزا ذوالفقار ہمیشہ پیش پیش رہے اور ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ مرحوم ناروے میں کشمیریوں کے ایک بڑے ہمدرد کے طور پر جانے جاتے تھے۔ اسی وجہ سے انھوں نے اپنے وفات سے چند ہفتے قبل مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کی حمایت میں اوسلو میں منعقد ہونے والے مظاہروں کے انتظامات میں بھرپور شرکت کی۔ پی پی پی ناروے کے سابق صدر الیاس کھوکھر نے بتایاکہ ستر کی دہائی سے انکے مرحوم سے مراسم تھے، انھوں نے ہمیشہ محبت اور خلوص پیش کیا۔ ان کے چہرے پر کبھی غصہ نہیں دیکھا۔ انھوں نے بتایاکہ پی پی پی کے ناروے میں قیام کے دوران مرحوم پہلے تیرہ افراد میں شامل تھے۔ مرزا ذوالفقار کے قریبی دوست اور پی پی پی کے سینئررہنماء جاوید اقبال نے بتایاکہ مرزا ذوالفقار ان کے بچپن کے دوست تھے، ’’ہم نے اکٹھے گجرخان میں کالج پڑھا اور ناروے میں بھی بہت ہی قربت رہی۔‘‘ پی پی پی ناروے کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نے کہاکہ مرحوم مرزا ذوالفقار کا نارویجن پاکستانی کمیونٹی میں ایک بڑا مقام تھا اور ہم انہیں فراموش نہیں کرسکتے۔ وہ سب کے مشترکہ دوست اور رہنما تھے۔ اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے قائم مقام صدر راجہ خالد اسحاق نے کہاکہ مرزا ذوالفقار نے ان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔ وہ ہمیشہ رہنمائی اور تعاون کرتے تھے۔ تقریب کے دوران پی پی پی کے سینئر رہنماء میاں محمد اسلام اور حاجی رفیع اللہ، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کے سابق صدور ریاض احمد و اقبال اختر خان، کشمیرسکینڈے نیوین کونسل کے چیئرمین عبدالصبور خان اور سیکرٹری جنرل خرم شہزاد، پاک۔ناروے فورم کے سینئرعہدیدار راجہ عاشق حسین و دیگر شخصیات جنید طارق شیخ، بابر بٹ، افضل مہر، چوہدری اشرف اور امتیاز وڑائچ بھی موجود تھے۔ تعزیتی تقریب کے اختتام پر مفتی زبیر تبسم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیہ کلمات کہے۔

Recommended For You

Leave a Comment