قوم یوم آزادی شہدائے پاکستان کے نام کردے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے تمام ریاستی اداروں کو مل کر اجتماعی کوشش کرنا ہوگی، پاکستانی اس یوم آزادی کو شہدائے پاکستان کے نام کردیں۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور گزشتہ رات بم دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان، گورنر بلوچستان، وفاقی وزیر داخلہ اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی موجود تھے۔

ہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈ میں آرمی چیف کو گزشتہ رات کے سانحہ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شہدائے پاکستان نے پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کینٹ میں واقع سی ایم ایچ اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

خبر:جنگ

Recommended For You

Leave a Comment