چودہ اگست کمیٹی ناروے کی طرف سے کینیڈین وزیراعظم کے لیے خصوصی ایوارڈ

This slideshow requires JavaScript.

(اوسلو (نیوز ڈیسک

نارویجن پاکستانی تنظیم چودہ اگست کمیٹٰی ناروے نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو ان کی انسانیت کے لیے خدمات پر خصوصی ایوارڈ دیاہے۔
ایوارڈ دینے کی تقریب گذشتہ روز ناروے کے دارالحکومت اوسلومیں منعقد ہوئی جس میں ناروے کی وزیراعظم ارنا سولبرگ، ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود، سابق نارویجن وزیراعظم شیل مانگنے بوندویک اور اراکین پارلیمنٹ، سفارتکار اور سوسائٹی کے مختلف طبقات کے نمائندے شریک تھے۔
چودہ اگست کمیٹی کے سربراہ عامرجاوید شیخ کا کہناہے کہ یہ ایوارڈ پاکستان کے یوم آزادی کی سترسالہ جوبلی کے موقع پر دیاگیاہے۔
ناروے میں کینیڈا کے سفیر ارطور ویلشنسکی نے وزیراعظم کی طرف سے ایوارڈ وصول کیا۔ عامر شیخ کے مطابق، کینیڈین وزیراعظم کو یہ ایوارڈ اس لیے دیاگیاہے کہ کیونکہ انھوں نے عالمی امن، جمہوریت کے فروغ، انسانی حقوق و کثیرثقافتی معاشرے کے تحفظ کے لیے اہم کردار اداکیاہے۔
عامر شیخ کاکہناہے کہ کینیڈا کے وزیراعظم ایک ایسے فرد ہیں، جن کی انسانیت کے لیے خدمات بہت اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ وہ سوسائٹی کی مضبوطی کے لیے کام کررہے ہیں اور اپنے کردارکے ذریعے لوگوں کو قریب لارہے ہیں۔ ان کی کاوشوں کی وجہ سے لوگوں میں خوف دورہوگیاہے اور زندگی اور امن کی امیدوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تقریب کے دوران دوسرا ایوارڈ اوسلوکے بشپ کرستین ایم کوارمے کو دیاگیا جنھوں نے مذاہب اور مختلف ثقافتوں کو قریب لانے میں اہم کردار اداکیاہے۔ ایک اور ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس لبنیٰ مہدی کو دیاگیا جنہوں نے بچوں اور نوجوانوں کے لیے سوسائٹی میں مواقع پیدا کرنے کی بلاتفریق کوشش کی ہے۔ انھوں نے یہ ایوارڈ تقریب کے دوران سابق رکن نارویجن پارلیمنٹ افشان رفیق سے وصول کیا۔
نارویجن پاکستانی چودہ اگست کمیٹی اب تک ناروے کے بادشاہ جناب ہرالڈ، وزیراعظم ارنا سولبرگ و ملالہ یوسفزیی اور دیگر اہم شخصیات کو ایوارڈز دے چکی ہے۔
چودہ اگست کمیٹی کے بیان میں کہاگیاہے کہ یہ کمیٹی مختلف سوسائٹیوں، ثقافتوں اور لوگوں کے مابین پل بنانے کا کردار ادا کررہی ہے۔ تقریب کے دوران یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے نارویجن وزیراعظم اور سفیر پاکستان اور عامر شیخ نے مل کرپاکستان اور ناروے کے جھنڈوں سے مزین ایک کیک بھی کاٹا۔

Recommended For You

Leave a Comment