بینکاک میں پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات

Nasser Khan Janjua and Ajit Doval in Bangkok

بینکاک میں پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات ہوئی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ مشیرانِ قومی سلامتی کے درمیان کسی نیوٹرل مقام پر ہونے والی یہ تیسری ملاقات ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کی 26 دسمبر کو ہونے والی ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کے مشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ کی بھارتی ہم منصب اجیت کمار دوول سے ملاقات کو خفیہ رکھا گیا، خیال کیا جاتا ہے کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول کے مسئلے پر بات ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات بھارتی دہشت گرد کلبھوشن جادیو سے اس کی والدہ اوراہلیہ کی ملاقات کے بعد ہوئی، تاہم ملاقات کی تاریخ یا مقام کا کلبھوشن کی والدہ اوراہلیہ سے ملاقات سے کوئی تعلق نہیں، دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں مشیران کی ملاقات کا فیصلہ رواں ماہ کے اوائل میں کیا گیا۔

بھارت کے سرکاری ذرائع نے اس موضوع پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ این ایس اے کے دفاتر کے علاوہ دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات سے آگاہ تھے، جی ایچ کیو راولپنڈی کو بھی اس ملاقات سے آگاہ رکھا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بینکاک ملاقات پاکستانی قومی سلامتی مشیر کے پاک بھارت تعلقات کے بیان کے بعد ہوئی، دونوں ممالک کے سلامتی مشیروں کے درمیان کسی تیسرے ملک میں یہ پہلی ملاقات نہیں، دسمبر 2015 میں خارجہ سیکرٹریز کی موجودگی میں بھی دونوں مشیران کی بینکاک میں ملاقات ہوئی تھی جس کے فوری بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لاہور کا سرپرائز دورہ کیا تھا۔

خبر: جنگ




Recommended For You

Leave a Comment