ن لیگ ناکام ہوگئی، آئندہ انتخابات پی پی ہی جیتے گی، بلاول

bilawal bhutto

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ ناکام لیگ ہی رہی ہے اور اب آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو ہی موقع ملے گا۔

یہ بات پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی اور ساتھ یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہمارے نظریاتی اختلافات ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کو ہرصورت جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں اور انتخابات بھی وقت پر ہی ہونے چاہئے لیکن پتہ نہیں عمران خان کو قبل ازوقت انتخابات کی کیوں جلدی ہے، شاید وہ ڈرتے ہیں کہ وقت پر الیکشن ہوئے تو وہ ہار جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ ناکام لیگ ہی رہی ہے ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مردم شماری اور خانہ شماری بھی متنازع بن گئی جبکہ نئی مردم شماری میں 60 لاکھ لوگوں کو شمار ہی نہیں کیا گیا تھاتاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے ہمارے تحفظات دور کیے جائیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ کچھ لوگ پیپلزپارٹی کو روکنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوسکتا، پی ایس پی، ایم کیوایم اور مشرف جو بھی کرلیں 2018 کے عام انتخابات میں ہمیں جیت سے کوئی دور نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مشرف پر غداری اور قتل کے مقدمے ہیں اور وہ عدالتوں سے مفرور قرار دیئے گئے ہیں ، وہ پہلے اپنے کیسز کا دفاع کریں اور عدالتوں میں پیش ہوں۔




Recommended For You

Leave a Comment