اربوں کی کرپشن کے ملزم کو وزیرعدالت لاتے ہیں، عمران خان

Imran Khan at Data Darbar

کوٹ ادو (جنگ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تین سو ارب روپے کی کرپشن کے ملزم نواز شریف کو وزیر عدالت لاتے ہیں، ان کے بچے، جائیداد، پیسہ سب باہر ہے، یہاں تک کہ یہ لوگ عید بھی باہر ہی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ درندے عوام کا پیسہ لوٹتے رہتے ہیں پھر بھی ان کا پیٹ نہیں بھرتا، ان کے پیٹ تو قبر کی مٹی سے ہی بھریں گے، ان کو کھانسی بھی ہو جائے تو یہ علاج کرانے ملک سے باہر چلے جاتے ہیں جبکہ یہاں تو سڑکوں پر بچے پیدا ہو رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کوٹ ادو میں جلسے سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ میں شاندار استقبال پر کوٹ ادو کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ جب کسی قوم کو جگا دیتا ہے تو یہ اس کے لیے بہت بڑی نعمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کے نام پر کس نے ووٹ لیا، عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے جبکہ دین کے نام پر لوگوں سے ووٹ لیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ جب اسپیکر سے کہا کہ نواز شریف سے جواب طلب کریں تو ا سپیکر نے ہاتھ کھڑے کر دیئے جبکہ خواجہ آصف نے نواز شریف کو کہا کہ عوام پاناما کو بھول جائیں گے، خواجہ آصف آپ کو نواز شریف سے جواب طلب کرنا چاہیے تھا یہ کسی کے باپ کا پیسہ نہیں ہے کہ لوگ بھول جائیں گے۔

عمران خان نےخیبر پختون خوا میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے میں اقتدار ملا تو پولیس کی حالت بہت خراب تھی اور آج وہاں پولیس کا بہترین نظام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 70 فیصد دہشت گردی ختم ہوئی، ہم نے کے پی کے کی پولیس کو غیر سیاسی کیا اور جب شہباز شریف نے کے پی کے پولیس میں تبدیلی دیکھی تو اس نے پولیس کی وردیاں بدل دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے شہباز شریف سے بڑا ڈرامے باز نہیں دیکھا، اس نے تو پولیس کو ڈاکیے کی وردی پہنا دی، شہباز شریف تم بہت بڑے ایکٹر ہو تمہیں تو ہندوستان بھیج دینا چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار ان کا منشی تھا، نیب سے پوچھتا ہوں اسحاق ڈار کو کیوں باہر جانے دیا؟ اسحاق ڈار! آپ کے والد صاحب سائيکل کی دکان چلاتے تھے، کیا آپ کے والد صاحب بھی باہر علاج کرانے جاتے تھے؟

عمران خان نے مزید کہا کہ شریف خاندان اور زرداری تیس سال سے حکومت کر رہے ہیں، نوازشریف کے بیٹوں کو طلب کیا گیا تو کہتے ہیں کہ برطانیہ کے شہری ہیں، اگر یہ برطانیہ کے شہری ہیں تو بتائيں ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟




Recommended For You

Leave a Comment