کشمیرسوسائٹی ڈنمارک نے صدرسردارمسعود خان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا

This slideshow requires JavaScript.

(کوپن ھیگن (سید تنویرنقوی

صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر قابض افواج کشمیریوں پر ہرطرح کا ظلم ڈھا رہی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کو بری طرح پامال کررہاہے لیکن کشمیری اپنے ارادے میں مصمم ہیں۔ وہ اپنے حق خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے کشمیرسوسائٹی ڈنمارک کی طرف سے یہاں کوپن ہیگن میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سردار مسعود خان نے کہاکہ کشمیری اپنے حق کے جدوجہد کررہے ہیں۔ اگرچہ بھارت نے کشمیرپر قبضہ کررکھا ہے لیکن کشمیری ذہنی طور پر آزاد ہیں اور اسی وجہ سے وہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ اگر ان کا ذہن آزاد نہ ہوتا تو وہ آزادی کی جنگ نہ لڑرہے ہوتے اور شہادتیں نہ دے رہے ہوتے۔

انھوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو ہرطرح کی لالچ بھی دی ہے اور ان کے دماغ پر قابض ہونے کی کوشش کی ہے لیکن وہ ناکام رہاہے۔ بھارت نے ہرحربہ استعمال کیا لیکن وہ ناکام رہاہے۔ اب بھارت کشمیریوں کو اس لئے دہشت گردی اور انتہاپسند کہہ رہا ہے کیونکہ کشمیریوں کو اپنے علاقے پر بھارت کا قبضہ قبول نہیں اور وہ آزادی چاہتے ہیں۔ بھارت نے پاکستان کو بھی نہیں بخشا اور اسے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ پاکستان کشمیریوں کا سب سے بڑا حامی اور حلیف ہے۔

صدرآزاد کشمیرنے زوردے کر کہاکہ کشمیر کوئی فرسودہ قضیہ یا قصہ پارینہ نہیں بلکہ یہ ایک مسلمہ بین الاقوامی تنازعہ ہے۔ جدوجہد آزادی کشمیر جاری ہے اور اس وقت تک رہے گی، جب بھارت سے کشمیریوں کو آزادی نہیں مل جاتی۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان کشمیر کےبغیر نامکمل ہے اور کشمیریوں کی پاکستان کے بغیر پہچان نہیں۔ سفیرپاکستان سید ذوالفقار گردیزی، کشمیرسوسائٹی ڈنمارک کے صدر ساجد قیوم ، سوسائٹی کی ترجمان لبنیٰ الہیٰ اور چوہدری شفقت علی نے بھی تاثرات بیان کئے۔




Recommended For You

Leave a Comment