آرمی چیف کا باہر بیٹھے ملک دشمنوں کو واضح پیغام

Gen Bajwa

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ جو کافی عرصے سے ملک سے باہر بیٹھے ہیں اور دشمن ایجنسیاں، ملک توڑنے کی بات کرتے ہیں، ملک اور فوج کے خلاف باتیں کرتے ہیں، عن قریب ان لوگوں تک بھی قانون کی گرفت ہو گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ راجگال میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے گھر پہنچ گئے اور ان کے والدین سے ملاقات کی ، آرمی چیف نے شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی اور پھول چڑھائے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ یہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم کی راہ میں پاک فوج کو رکاوٹ سمجھتے ہیں۔

آرمی چیف نے شہید ارسلان عالم کے والدین کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ارسلان شہید کے والدین جیسے دیگر والدین قابل تعریف ہیں جنہوں نے ایسے جوان پیش کیے جنہوں نے ملک کے لیے جانیں قربان کیں۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے ایسے بہادر سپوتوں اور والدین کے ہوتے ہوئے ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تہیہ کیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، پاکستان میں آئین اور قانون کی عملداری قائم ہے، ملک ان شہدا کی وجہ سے امن کی جانب گامزن ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا دشمن ہمارادشمن ہے،پاک فوج ملک کے بہترین مفاد میں کام کرتی رہے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے،امن کی بحالی اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے لیفٹیننٹ ارسلان عالم خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا گیا ہے۔

خبر: جنگ




Recommended For You

Leave a Comment