بے نظیرقتل کےاصل ذمے دار آصف زرداری ہیں، مشرف

سابق صدر پرویز مشرف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیرکےقتل کےاصل ذمے دارآصف زرداری ہیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں پرویز مشرف نے بھٹو خاندان کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری نے نام لے کر مجھے للکارا ہے،آصف زرداری نے مجھ پر بے نظیر بھٹو کے قتل کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ بھٹو اوربےنظیربھٹو کےقتل میں بھی آصف زرداری ملوث ہیں۔دیکھنا چاہیے بے نظیر کے قتل کا فائدہ کس کوہوا۔

سابق صدر نے کہا کہ بے نظیر کے قتل کا فائدہ ایک ہی آدمی آصف زرداری کو ہوااوربیت اللہ محسود کو سازش کرکے استعمال کیا گیا۔

سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007ء کو اس وقت فائرنگ اور بم دھاکہ سے شہید کردیا گیا تھا، جب وہ 2008ء میں ہونے والے عام انتخابات کی مہم کے سلسلے میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک جلسے کے اختتام پر اپنے گاڑی میں روانہ ہورہی تھیں۔

یاد رہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں پرویز مشرف کو بھی عدالت مفرور ملزم قرار دے چکی ہے۔

گزشتہ ماہ 31 اگست کو راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے دو پولیس افسروں کو سترہ ،سترہ سال قید کی سزا سنائی تھی اور سابق صدر پرویز مشرف کو مفرور قرار دیا تھا۔

خبر: جنگ



Recommended For You

Leave a Comment