شاہ رخ ہمیشہ دیر سے کالج آتے تھے، ٹیچر

اداکارشاہ رخ خان صرف بولی وڈ کے نہیں بلکہ دلوں کے بھی کنگ ہیں جہاں برسوں گزرنے کے باوجود آج بھی اپنے استادوں کے دلوں میں دھڑکتے ہیں۔ ٹیچرز ڈے کے موقع پر شاہ رخ خان کی ٹیچر نے ان کے بارے میں دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ ہمیشہ دیر سے کالج آتے مگر پھر بھی کالج میں ٹاپ کیا تھا۔

بھارت میں گزشتہ روزٹیچرز ڈے منایا گیا اوراس دن کی مناسبت سے شاہ رخ خان کی ٹیچر نے ٹوئٹر پر ان کے لیے پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے شاہ رخ خان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان 1986سے 1989تک اکنامکس کے طالبعلم تھے اور وہ انہیں معاشیات کا مضمون پڑھاتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے شاہ رخ ہمیشہ کلاس میں دیر سے آتے تھے اور ہاکی اسٹک ان کے ہاتھ میں ہوتی تھی لیکن مجھے ان پر کبھی غصہ نہیں آیا کیونکہ وہ ایک بہترین شاگرد تھے اور انہوں نے ہنس راج کالج میں ٹاپ کیا تھا۔

شاہ رخ خان نے اپنی ٹیچر کی اس ٹوئٹ کے جواب میں ان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ میں اس بات کی معافی بھی مانگی کہ وہ کلاس میں دیر سے پہنچا کرتے تھے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان نہ صرف خود پڑھائی میں اچھے تھے بلکہ اپنے بچوں کی تعلیم کا بھی سختی سے خیال رکھتے ہیں۔ اور اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ تعلیم کے بغیر انسان کا کوئی وجود نہیں لہٰذا انہوں نے اپنے دونوں بڑے بچوں آریان اور سہانا خان کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیجا ہے۔

خبر: جنگ

 

Recommended For You

Leave a Comment