ناروے میں ہفتے کے روز پاکستان کی تاریخ اور عبدالستارایدھی کی زندگی پر دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی

اوسلو:ناروے کے دارالحکومت اوسلوکے مضافات میں لورنسکگ کے خوبصورت علاقے میں ایک تقریب کے دوران پاکستان کی تاریخ اور پاکستان کے معروف سماجی کارکن مرحوم عبدالستار کی زندگی پر دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ تقریب کا اہتمام پاکستان یونین ناروے نے انیس اگست کویوم پاکستان کے حوالے سے کیاہے۔ پاکستان کی تاریخ کے بارے میں فلم پاکستان کے معروف کمپیئراور ثقافتی شخصیت عباس فلکی نے تیارکی ہے۔فلم میں بتایاگیاہے کہ کس طرح پاکستان قائم ہوا۔ قائداعظم محمد علی جنا ح کی قیادت میں تحریک پاکستان کس طرح کامیاب ہوئی اور برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ فلم میں تاریخی حوالہ جات کوموثر انداز میں عباس فلکی نے اپنی خوبصورت میں پیش کیاہے۔ اردوکمنٹری کے ساتھ ساتھ فلم کی ذیلی سرخیوں میں فلم کا انگریزی متن بھی پیش کیاگیاہے۔ دوسرے فلم عظیم سماجی کارکن مرحوم عبدالستارایدھی کی زندگی کے بارے میں بنائی گئی ہے۔ فلم کے پروڈیسر اورسینئرنارویجن پاکستانی صحافی نے بڑی محنت سے یہ دستاویزی فلم عبدالستارایدھی کی وفات کے بعد تیار کی ہے اس میں عبدالستارایدھی کے پرانے انٹرویوزاوران کی سرگرمیوں کودکھایاگیاہے اور ساتھ ہی ساتھ مرحوم کے بارے میں ان کی زوجہ بلقیس ایدھی اور صاحبزادے فیصل ایدھی کے تاثرات پیش کئے گئے ہیں۔ بیگم بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی ان دنوں ناروے کے دورے پر ہیں اور وہ انیس اگست کو پاکستان یونین ناروے کے پروگرام میں خصوصی طورپر شریک ہوں گے۔پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبا ل کاکہناہے کہ پاکستان کی تاریخ پر فلم دکھانے کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے نارویجن پاکستانیوں کی نئی نسل پاکستان کی جدوجہد سے آگاہ ہو۔ انہیں پتہ چلے کہ پاکستان عظیم قربانیوں اور انتھک جدوجہد کے بعد حاصل ہواہے۔ اس کے علاوہ انسانیت کے عظیم علمبردار مرحوم عبدالستارایدھی کے بارے میں فلم دکھانے سے لوگوں تک یہ پیغام پہنچاناہے کہ لوگ انسانیت کی قدرکریں تاکہ ایک دوسرے سے پیارو محبت کے جذبے کواجاگر کیاجاسکے۔

Recommended For You

Leave a Comment