کراچی:ایم اے جناح پر دکانیں سیل، سڑکیں کنٹینرر لگا کر بند

کراچی کی ایم اے جناح روڈ اورصدر میں جلوس کی گزر گاہوں سے ملحق سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا۔ دونوں جانب دکانوں کے تالوں پر بھی سیل لگادی گئی۔ دس محرم کی رات تک دکانیں اور سڑک بند رہے گی ۔

کراچی میں محرم الحرام کے سلسلے میں نکلنے والے آٹھویں محرم کا جلوس آج برآمد ہوگا۔ جلوس کی گزرگاہ کو رات سے ہی بند کرکے دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ سیکریٹری داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ پی ٹی اے نے موبائل فونز بند کرنے سے متعلق خط کا مثبت جواب دیا ہے اور حساس مقامات پر موبائل فون بند کئے جائیں گے۔

کراچی میں آٹھویں، نویں اور دسویں محرم کے سلسلے میں نشترپارک سے جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرایناں پر اختتام پذیر ہوگا۔

پولیس نے محرم کے مرکزی مجالس اور جلوسوں سے متعلق سکیورٹی آرڈر جاری کیا ہے۔ نشترپارک اور جلوس کی گزرگاہوں کو 9 سیکٹر اور 23 سب سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سیکٹرکمانڈر ایس ایس پی یا ایس پی جبکہ سب سیکٹر کمانڈر ڈی ایس پی رینک کا آفیسر ہوگا۔

جلوس میں شرکت کے لیے شرکاء صرف 12 مقامات سے مجالس اور جلوس میں داخل ہوسکیں گے۔ نشترپارک اور جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے تمام راستے بند ہونگے۔ راستوں کو کنٹینرز اور دیگر رکاوٹوں کی ذریعے 7 اور 8 محرم کی رات سے بند کردیا گیا ہے۔

جلوس کے روٹ پر آنے والے بازار اور دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ۔ دکانداروں سے دکان کلیئر ہونے کا حلف نامہ لیا گیا ہے۔ کسی دکان میں ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار دکاندار ہوگا جبکہ جلوس کے روٹ میں آنے والی تمام رہائشی عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔

رہائشی افراد کے قوائد بھی اکٹھے کئےگئے ہیں، رہائشیوں کو کسی بھی نئے شخص کو آنے کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ رکاوٹوں کے باوجود گزرگاہ کی طرف آنے والے 287 راستوں پر اہلکار تعینات ہونگے۔ نشترپارک اور جلوس کی گزرگاہ کے اطراف 124 عمارتوں پر بھی اہلکار تعینات ہونگے۔

نشترپارک اور جلوس کی گزرگاہ پر کھلنے والے 344 عمارتوں کے دروازے بھی بند رہیں گے۔ نشترپارک سے برآمد ہونے والے جلوس کو پائلٹ اسکارڈ فراہم کیا جائے گا، جبکہ 8 سے 10 محرم تک 6 اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ اسپتالوں میں جناح، سول، پی این ایس، لیاقت، آغا خان اور عباسی شہید اسپتال شامل ہیں۔

آٹھ ، نو اور دس محرم کے لئے ٹریفک پولیس نے سولجر بازار، کوسٹ گارڈ، انکل سریا چوک سے جوبلی یا نشتررڈ کی طرف موڑا جائے گا۔ ناظم آباد سے ایم اے جناح آنےوالی ٹریفک کو لسبیلہ چوک سےنشترروڈ گارڈن موڑاجائے گا۔

دوسری جانب سیکریٹری داخلہ سندھ نے میں آٹھ سے دس محرم الحرام کے دوران موبائل فون بند کرنے سے متعلق بتایا ہے کہ صوبے میں سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہے اور پی ٹی اے نے موبائل فونز بند کرنے کے متعلق خط کا مثبت جواب دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حساس مقامات پر موبائل فون بند کئے جائیں گے۔ کراچی سمیت کسی بھی ضلع میں موبائل سروس مکمل بند نہیں کی جائے گی۔

خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment