امن کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے، علامہ عنایت شاکر ٹورنٹو میں بین المذاہب تقریب کے مقررین نے عالمی امن اور ہم آہنگی پر زور دیا

Loading

ٹورنٹو (پ ر):
کینیڈا کے معروف شہر ٹورنٹو میں منعقدہ ایک بین المذاہب تقریب کے مقررین نے دنیا بھر خصوصاً کینیڈا کے معاشرے میں صلح، وحدت اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ عید انٹر فیتھ ظہرانہ کا اہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے متحرک شخصیت اور ممتاز مذہبی اسکالر علامہ عنایت علی شاکر نے کیا۔

عیدالفطر کے موقع پر اس تقریب کا مقصد اس عیدسعید کی خوشیوں کو منانا اور معاشرے کے مختلف طبقات، بالخصوص مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

مختلف کمیونٹی تنظیموں کے رہنماؤں، سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امن انسانیت کی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے اور موجودہ دور میں دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ امن، آشتی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

تقریب کے دوران نظامت کے فرائض بین الاقوامی تعلقات کے ماہر ڈاکٹر سید سبطین شاہ نے انجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرنے والوں میں سابق رکن کینیڈین پارلیمنٹ یاسمین رتن جی، چرچ آف سائنٹولوجی کے فادر ارل اسمتھ (انٹرفیتھ لیڈر)، یونائٹڈ چرچ کے منسٹر ڈاکٹر پال شیفرڈ، بوہری مسلک کے محمد رامپوروالا، ساؤتھ ایشیا انٹاریو کے صدر سیم چوپڑا، اسلامک سوسائٹی ٹورنٹو کے رشید داسو، رکن پارلیمنٹ ربرٹ اوفینٹ کے مشیر مظہر شفیق، ایڈوکیٹ گرجندر سہوٹا، کینیڈین سیاستدان ایڈوکیٹ سید نجم نقوی اوراسماعیلی کمیونٹی کی محترمہ صفرا اور مسٹر قیصر شامل تھے۔ مزید برآں بدھ مت کمیونٹی کے نمایاں رہنما زنجی آچاریہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

پروگرام میں شریک دیگر اہم شخصیات میں ضمیر بشیر الدین، محمود بدوی، ذوالفقار جعفری، شہباز مغل، محمد یونس، مسعود عالم، سید مجاہد حسین، سید شبّر شیرازی، مولانا سید مہدی رضا نقوی، سید باقر رضا نقوی، سید کلب عباس نقوی اور سید باقر شاہ شامل تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت سید شاہ حسین نے حاصل کی۔ تقریب کے آغاز پر پروگرام کے میزبان علامہ عنایت شاکر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کے انعقاد کا مقصد بیان کیا۔

پروگرام کے اختتام پر عید کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا جس میں رکن پارلیمنٹ روبرٹ اول فینٹ نے خصوصی شرکت کی اور شرکت کی دعوت پر میزبان کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں علامہ عنایت علی شاکر نے ایک بار پھر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعائیہ کلمات مدینہ العلم کے خطیب اور امام جمعہ علامہ سید عابد رضا نقوی نے کئے۔ انہوں نے انسانیت کی سلامتی اور انسانی اقدار کے تحفظ پر گفتگو کی اورپوری دنیا میں امن اور آشتی اور کینیڈا کی وحدت، استحکام اور ہم آہنگی کے لیے دعا کی

Recommended For You