اوسلو (نیوز ڈیسک) — پاکستان پر بھارت کی فوجی جارحیت کے خلاف منگل اور بدھ کی درمیانی رات ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھارتی سفارت خانے کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ رات گئے بڑی تعداد میں ناروے میں رہنے والے پاکستانیوں نے بھارتی سفارتخانے کے باہر جمع ہوکر پرامن احتجاج کیا۔
مظاہرین نے بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان کے دیگر علاقوں پر کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ “بھارت خطے میں جنگ کی آگ بھڑکانے پر تُلا ہوا ہے” اور اس کی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز جو اس مظاہرے میں شریک ہوئے،انہوں نے کہاکہ دنیا بھارت کو جنگ سے روکے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ تمام دنیا کا فرض ہے کہ وہ بھارت کو جنگی جنون سے روکے اور امن کے اقدامات کرے۔
مظاہرین سے تحریک کشمیر ناروے کے روح رواں چوہدری رفاقت طاہر نے کہاکہ عالمی برادری بھارت کو جنگ سے روکے، خاص طور اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ خطے میں امن کے لیے کام کرے۔ انہوں نے کشمیر پر بھی بھارتی مظالم کی مذمت کی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کو بھارت کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔
بھارتی وزیراعظم کے آئندہ دنوں دورہ ناروے کے دوران بھی نارویجن پاکستانی بڑا مظاہرہ کریں گے۔
وزیراعظم نریندرا مودی پندرہ اور سولہ مئی کو اوسلو میں منعقد ہونے والے نارڈیک ممالک کے ساتھ بھارت کے سربراہی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔