لاہور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے پاکستان یونین ناروے کے قانونی مشیر عظمت فاروق کی سربراہی میں لیگل ایڈ کمیٹی قائم کردی

اوسلو (خصوصی رپورٹ

اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے اب وکلاء تنظمیں بھی متحرک ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ پہلے قدم کے طور پرصوبہ پنجاب میں وکلا کی سب بڑی تنظیم لاہورہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اوورسیزلیگل ایڈ کمیٹی قائم کردی ہے جس کا چیئرمین محمد عظمت فاروق ایڈوکیٹ کو بنایاگیاہے۔ عظمت فاروق ایڈوکیٹ جو پاکستان میں پاکستان یونین ناروے کے اوورسیزپاکستانیوں کے قانونی معاملات کے حوالے سے خصوصی مشیر ہیں، پہلے ہی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ بارایسوی ایشن کے سیکرٹری حسن اقبال وڑائچ کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق، ایسوسی ایشن کے صدر انورالحق پنوں ایڈوکیٹ نے عظمت فاروق ایڈوکیٹ کو آئندہ دو سال کے لیے بالترتیب چیئرمین اور کاشف فاروق ایڈوکیٹ کو شریک چیئرمین نامزد کیا ہے۔ ان کے علاوہ ذیشان اخترایڈوکیٹ ان کے ساتھ بطور رکن کمیٹی کام کریں گے۔  

پاکستان یونین ناروے کے پاکستان میں قانونی مشیر عظمت فاروق ایڈوکیٹ نے لاہورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے اس اقدام پر کہا ہے کہ اس  اہم اقدام  سے اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اب دنیاکے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی پاکستان میں اپنے مسائل کے حل کے لیے بآسانی  ہماری کمیٹی کی قانونی معاونت سے پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کرسکیں گے۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے ایک خصوصی کمیٹی کے قیام پر لاہورہائی بارایسوسی ایشن کے اقدام کو سراہاہے اور پاکستان یونین ناروے کے قانونی مشیر عظمت فاروق ایڈوکیٹ کو کمیٹی کا چیئرمین، کاشف فاروق ایڈوکیٹ کو شریک چیئرمین اور ذیشان اختر ایڈوکیٹ کو رکن منتخب ہونے پرمبارکباد دی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ یہ ایک انتہائی اچسن اقدام ہے اور اس سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں بعض محکموں کے عہدیداروں کے منفی رویئے کا سامنا ہے اور اس کے علاوہ ان کے مسائل میں نادرا کارڈ کے اجرا کی بھاری فیس اور پرانے پاکستانی کارڈ کو کینسل کرنے کے بہانے بلاوجہ فیس، دوسری ملکی شہریت لینے کی صورت میں این او سی کے اجرا میں تاخیر، پولیس کی زیادتیوں، پراپرٹی کے مسائل، پارلیمنٹ میں عدم نمائندگی اور ووٹ کے حق سے محرومی وغیرہ شامل ہیں۔

چوہدری محمد عظمت فاروق ایڈوکیٹ دیگر وکلاء کی مدد سے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اعلیٰ عدالتوں اور دیگر مناسب فورمز پر موثر طریقے سے اٹھائیں گے۔ اس کے علاوہ وہ پنجاب کے دیگراضلاع جیسے ملتان اور راولپنڈی میں کمیٹی کے اراکین مقرر کریں گے۔ وہ اور ان کی ٹیم کے اراکین اوورسیزپاکستانیوں کے تمام انفرادی اور اجتماعی مسائل میں ان کو قانونی امداد فراہم کریں گے۔

لاہور ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کا نوٹیفکیشن:۔

Recommended For You

Leave a Comment