معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان یورپ کی منڈی میں جگہ بناسکتا ہے، پاکستان فورم وارسا

This slideshow requires JavaScript.

(وارسا (خصوصی رپورٹ

پولینڈ مرکزی یورپ کی ابھرتی ہوئی معیشت میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور پاکستان اشیاء کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مرکزی یورپ کی مارکیٹ میں اپنی برآمدات کے لیے مناسب جگہ بناسکتاہے۔

یہ بات جمعہ کی شام پاکستان فورم وارسا کے زیراہتمام ایک اجلاس میں کہی گئی جس میں مختلف پیشوں سے وابستہ کمیونٹی کے اہم اراکین شریک ہوئے۔

اجلاس میں سماجی و کاروباری شخصیات سید طاہرعلی شاہ اور سید عثمان سجاد شاہ، سینئر صحافی اور بین الاقوامی و قومی سیاسی امور کے ماہر ڈاکٹر سید سبطین شاہ، ممتاز دانشور و سینئر صحافی امجد فاروق، نعت خواں میاں رضوان، حمزہ ملک، محمد طلحہ، علی حسن، صغیرعالم، افتخار احمد اور مختاراحمد نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پولینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانہ پاکستان کے حوالے سے درپیش مسائل پر بھی غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ پولینڈ میں تعینات پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے کمیونٹی رہنماؤوں سے اپنی حالیہ ملاقاتوں میں کمیونٹی کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اجلاس کے دوران گذشتہ دنوں سفارتخانہ پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ مینگو فیسٹیول کا خیرمقدم کیا گیا اور کہاگیا کہ اس طرح کے مزید پروگرام کرائے جائیں جس سے پاکستانی برآمدات کو فروغ ملے۔ اجلاس میں شریک بعض شخصیات نے بتایاکہ مینگو فیسٹیول کی وجہ سے پولینڈ میں پاکستانی برآمدات کے لیے راہ ہموار ہوئی ہے۔ اگر مزید کوشش کی جائے تو پولینڈ اور مرکزی یورپ کے دیگر ممالک میں پاکستانی آم کے علاوہ، پاکستانی باسمتی چاول، پاکستانی کجھور اور پاکستانی کپڑے اور دیگر مصنوعات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں مینگو فیسٹیوال کے انعقاد کے سلسلے میں پولینڈ میں تعینات پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق اور ٹریڈ اور انوسٹمنٹ قونصلر محمد زاہد بھٹی کی کاوشوں کو سراہا گیا اور کہاگیا کہ پولینڈ میں پہلی دفعہ مینگو فیسٹیوال کا انعقاد بہت ہی اہم کارنامہ ہے جس کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

اس دوران بتایا گیا کہ پولینڈ میں پاکستانی کھانوں کے رحجانات میں بھی اضافہ ہورہاہے اور دارالحکومت وارسا سمیت پولینڈ کے مختلف شہروں میں نئے نئے پاکستانی ریسٹورنٹس کھل رہے ہیں۔

دراین اثناء اسی موقع پر وارسا کے علاقے پراگا میں نیشنل سیٹیڈیم کے عقب میں گذشتہ روز سیزل کباب اینڈ گریل کے نام سے پاکستانی کھانوں کے ایک ریسٹورنٹ کا افتتاح بھی ہوا۔ افتتاحی تقریب کے دوران میاں رضوان احمد نے نعت اور منقبت پڑھ کر داد وصول کی اور اختتام پر ڈاکٹر سید سبطین شاہ نے دعا فرمائی۔ تقریب میں شریک افراد کی مصالحہ دار پاکستانی بریانی سے تواضع کی گئی۔

Recommended For You

Leave a Comment