چیئرمین پاکستان یونین ناروے قمراقبال کے لیے صدر کڈنی سنٹر گجرات حاجی اعجاز کی طرف سے خصوصی ایوارڈ

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (پ۔ر)

کڈنی سنٹر گجرات کے بورڈ کے صدر حاجی میاں محمد اعجاز نے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کو ان کی انسانیت کے لیے بالعموم اور کمیونٹی کے لیے بالخصوص بے لوث خدمات پر خصوصی ایوارڈ پیش کیا ہے۔ اس سلسلے میں حاجی میاں اعجاز نے گذشتہ روز اوسلو میں واقع پاکستان یونین ناروے کے دفتر کا دورہ کیا۔

اس دوران پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز مہر، یونین کے دیگر سینئر عہدیداران چوہدری اصغر دھکڑ، میر ناصر، چوہدری احسان حیدر، چوہدرف اشرف آف ڈنمارک اور چیف ایڈیٹر روزنامہ جذبہ گجرات عارف علی عارف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر کڈنی سنٹر گجرات کے بورڈ کے صدر حاجی میاں محمد اعجاز نے کہاکہ چوہدری قمراقبال کی انسانیت کے لیے خدمات انتہائی قابل تحسین ہیں۔ وہ طویل عرصے سے ناروے اور پاکستان میں انسانی جذبے کے تحت خدمات انجام دے رہےہیں۔ بالخصوص نارویجن پاکستانیوں کے ناروے اور پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے وہ ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ خاص طور پر انھوں نے جس جانفشانی سے کڈنی سنٹر گجرات کے لیے گذشتہ چند ماہ کے دوران مہم چلائی اور اس کے نتیجے میں ناروے سے خطیر رقم کی صورت میں عطیات جمع ہوئے، ان کی اور ان کی ٹیم کی اس مخلصانہ کاوش کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چوہدری قمراقبال نے ایوارڈ دینے پر حاجی میاں اعجاز کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ حاجی میاں اعجاز اور کڈنی سنٹر گجرات کی پوری ٹیم کی خدمات بہت ہی قابل ستائش ہیں۔ ہم اس سنٹر کے تحت غریب اور نادرا لوگوں کو مفت علاج کی سہولت دینے پرسنٹر کے بورڈ کے تمام اراکین کو قدر کی نگاہ دیکھتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم نارویجن پاکستانیوں کے بھی تہیہ دل سے شکرگزار ہیں جنہوں نے پاکستان یونین ناروے اور پانچ معزز نارویجن پاکستانی شخصیات حاجی غلام حیدر، سید ذکی الحسن شاہ، شیخ طارق محمود، چوہدری زاہد اسلم اور چوہدری شریف گوندل پر مشتمل کمیٹی اور دیگر اہم شخصیات کی اپیل پر دل کھول کر کڈنی سنٹر گجرات کے لیے عطیات دیئے۔

حاجی میاں اعجاز کی طرف ایوارڈ ملنے پر چوہدری قمراقبال نے کہاکہ یہ ایوارڈ پوری نارویجن پاکستانی کمیونٹی کا ہے، خاص طور پر ان کا ایوارڈ ہے جو پاکستان کے لوگوں کا درد رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ کڈنی سنٹر کے بورڈ کے صدر حاجی میاں اعجاز اور ان کی ٹیم پاکستان یونین ناروے کی دعوت پر ناروے آئی اور یونین کی سالانہ تقریب کے دوران کڈنی سنٹر کے لیے خصوصی چیئریٹی کنسرٹ منعقد کیا گیا۔ اس کے علاوہ بھی پاکستان یونین ناروے کی وساطت سے دیگر تنظیموں اور شخصیات نے کڈنی سنٹر کے لیے عطیات جمع کئے۔ ابتدائی طور پر ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی رقم کے برابر عطیات حاجی میاں اعجاز کے حوالے کئے گئے۔ یہ رقم دیگر تنظیموں اور شخصیات کی طرف سے دئیے عطیات کے علاوہ ہے۔

 

Recommended For You

Leave a Comment