کڈنی سنٹر گجرات کے لئے پاکستان یونین ناروے کی کورآرڈی نیشن سے یورپ میں عطیات جمع کئے جائیں گے

Image may contain: 1 person, bedroom and text

اوسلو (پ۔ر)۔

گردے کے غریب اور نادار مریضوں کے علاج کی مفت سہولت فراہم کرنے والے گجرات شہر میں قائم نجی سطح پر قائم گجرات کڈنی سنٹر کے لیے یورپ میں پاکستان یونین ناروے کی کوآرڈی نیشن سے عطیات جمع کئے جائیں گے۔

اس بات کا اعلان پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے دارالحکومت اوسلو میں اپنے ایک بیان میں کیا۔

یاد رہے کہ چوہدری قمراقبال نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران کڈنی سنٹرگجرات کا دورہ کیا اور سنٹر کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد اور سنٹر کے صدر میاں محمد اعجاز سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے انہیں دورہ یورپ کی دعوت دی۔

ناروے میں پاکستان یونین ناروے کی کوآرڈی نیشن سے فنڈ ریزنگ کے لیے مشاورت شروع ہوگئی ہے اور اس عمل میں اہم نارویجن پاکستانی سماجی شخصیات کی رہنمائی اور معاونت حاصل کی گئی ہے۔ ایک اہم اجلاس بلاکر اس پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی رابطے شروع ہوگئے ہیں تاکہ وہاں پر بھی فنڈ ریزنگ کے پروگراموں کو ترتیب دیا جاسکے۔

ابتدائی پروگرام کے مطابق، اس سال اگست کے مہینے کے دوران کڈنی سنٹر گجرات کے لیے ناروے اور دیگر ممالک میں عطیات جمع کئے جائیں گے۔

کڈنی سنٹر گجرات دسمبر ۲۰۱۶ ء میں پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیاگیا۔ گجرات شہر میں سرکلر روڈ پر قائم اس کڈنی سنٹر کی تعمیرکے لئے جو زمین استعمال کی گئی ہے، اسے ایک مقامی خاتون نے ہلال احمر گجرات کو مستحق لوگوں کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت وقف کیا تھا۔ اس صدقہ جاریہ کا اجر کوئی انسان نہیں دے سکتا بلکہ یقیناً رب کریم بہترین اجر دینے والا ہے۔ جب تک یہ ادارہ قائم ہے، اس عظیم خاتون کے ثواب میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ مقامی مخیر حضرات و سماجی شخصیات نے اس سنٹر کی چار منزلہ عمارت کی تعمیر جو اٹھارہ ماہ میں مکمل ہوئی، کے لیے فنڈز فراہم کئے۔ سنٹر کو چلانے کے لیے نجی سطح پر مخیرحضرات مدد کرتے ہیں۔

غریبوں کے مسیحا مرحوم حاجی شیخ خلیل (والد محترم شیخ طارق محمود۔اوسلو بیل سنٹر) جو لالہ موسیٰ کے ایدھی کے نام بھی شہرت رکھتے تھے، نے بھی اس کڈنی سنٹرکی امداد میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔ مرحوم شیخ خلیل کا مشن ان کی اولاد بشمول ان کے فرزند شیخ طارق محمود نے جاری رکھا ہوا ہے۔

کڈنی سنٹر گجرات ایک نجی اور غیرمنافع بخش ادارہ ہے جو ایک سترہ رکنی بورڈ آف گورنرز کی زیر نگرانی چلایا جارہاہے۔ ادارے کے چیئرمین ڈی سی گجرات ہوتے ہیں جبکہ ممتاز کاروباری اور سماجی شخصیت میاں محمد اعجاز اس بورڈ کے صدر ہیں۔ سنٹر کو ماہرین امراض گردہ کی ایک ٹیم کے مدد حاصل ہے جسکے منتظم ڈاکٹر عباس گوندل ہیں۔

اس سنٹر میں مستحق اور نادار مریضوں کو فری ڈائیلائسس، فری چیک اپ، فری ٹسسٹ اور فری طبی مشورے سہولیات میسر ہیں۔ اس وقت تیس ڈائیلاسس مشینین کام کررہی ہیں جن میں اٹھارہ ہپٹائسس سی کے مریضوں کے لیے مخصوص ہیں۔ گجرات اور اس کے گرد و نواع کے اضلاع سے بھی مریض کڈنی سنٹر گجرات سے استفادہ کررہے ہیں، اسی وجہ سے اس سنٹر کی ضروریات بڑھ رہی ہیں۔ سٹاف تین شفٹوں صبح، شام اور رات کے دوران کام کرتے ہیں۔

پاکستان یونین ناروے کے ترجمان نے یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کڈنی سنٹر گجرات کی زیادہ سے زیادہ مالی معاونت کریں کہ یہ ادارہ زیادہ سے زیادہ نادار اور مستحق لوگوں کا علاج کرسکے۔

مزید تفصیلات کڈنی سنٹر گجرات کی ویب سائیٹ پر دیکھی جاسکتی ہے:

www.kidneycentregujrat.com

پاکستان یونین ناروے کی ویب سائیٹ:

www.pakistanunionnorway.com

Recommended For You

Leave a Comment