ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نئی نسل اپنی اعلیٰ اقدار سے جڑی رہے، قمراقبال کا جیو ٹی وی کو انٹرویو

اوسلو (خصوصی رپورٹ)۔

پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاہے کہ ہماری کوشش ہے کہ ہماری نئی نسل اپنی اعلیٰ اقدار سے جڑی رہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں لندن سے ناروے کے دورے پر آئے ہوئے جیو ٹی وی کے نمائندہ خصوصی ودود مشتاق کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

نمائندہ جیو کے پاکستان یونین ناروے کا مقصد اور اس کے پس منظر کے کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے چوہدری قمراقبال نے کہاکہ

پاکستان یونین ناروے نارویجن پاکستانیوں کی ایک غیرسیاسی، غیرمنافع بخش سماجی وثقافتی روایات کی ترجمان تنظیم ہے جوایک طویل عرصے سے کمیونٹی کے لیے بلامعاوضہ و بلاتفریق خدمات انجام دے رہی ہے۔

اس تنظیم نے اب تک ناروے میں مقیم پاکستانی پس منظر رکھنے والے لوگوں کے سماجی مسائل کے حل اور ناروے میں پاکستانی ثقافت کے فروغ اوراعلیٰ اقدارکے تحفظ کے لئے اور ناروے اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں جدوجہد کی ہے۔ یونین کی سرگرمیاں سارا سال ہی جاری رہتی ہیں۔ خصوصاًاوسلومیں پاکستان کے یوم آزادی چودہ اگست کی سالانہ تقریب کا انعقاد یونین کا طرہ امتیازہے۔ اس تقریب میں ناروے اور پاکستان کے اعلیٰ حکام کے علاوہ دونوں ممالک کی اہم سیاسی، علمی ، ادبی، سماجی اور ثقافتی شخصیات شریک ہوتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایاکہ یہ جدوجہد ۱۹۷۰ میں ہی شروع ہوگئی تھی۔ یہ وہ زمانہ تھا جب پاکستانیوں نے ناروے میں قدم رکھا۔ سترکے عشرے کے دوران بڑی تعداد میں پاکستانی معاش کی تلاش میں ناروے میں داخل ہوئے ۔ ناروے آنے والے پاکستانی ورکرز کو ایک نئے ملک میں نئے مسائل کا سامنا تھا۔ ان مسائل میں کام، رہائش اور کاغذات کا حصول قابل ذکر ہیں

اس وقت کے مسائل اور تھے اور آج کے مسائل اور ہیں۔ آج کیمونٹی کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان میں خاندانی تنازعات اور نارویجن پاکستانیوں کے پاکستان سے جڑے ہوئے کچھ مسائل شامل ہیں۔

ناروے میں پاکستانیوں کے خاندانی اور آپس کے دیگر تنازعات کو حل کرنے کے لیے یونین کے تحت ایک مصلحتی کمیٹی کام کررہی اورکمیونٹی کو درپیش نئی دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک تھینک ٹینک بھی سرگرم عمل ہے۔

پاکستان میں سماجی بہبود کا کام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر چوہدری قمراقبال نے بتایاکہ ایک طرف پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل ہیں اور دوسری پاکستان میں سماجی بہبود کا معاملہ ہے۔ پاکستان یونین ناروے دونوں حوالوں سے کوشاں ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں مختلف محکموں بشمول نادرا، پولیس، ریونیو اور دیگر اداروں سے متعلق مسائل کا سامنا ہیں جنہیں کے حوالے سے پاکستان یونین ناروے وقتاً فوقتاً  حکام بالا کو آگاہ کرتی رہتی ہے۔

گذشتہ ماہ ہی ہماری اسلام آباد میں نادرا اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں، خاص طور پر ہم نے تحریری طور نادرا سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو نادرا حکام کے سامنے پیش کیا۔ ان ملاقاتوں کے مثبت نتائج نکلنے کی امید ہے۔

جہاں تک پاکستان میں سماجی بہبود کا تعلق ہے، چونکہ پاکستان ہمارا آبائی وطن ہے، اس لیے ہم پاکستان میں لوگوں کے دکھ و درد سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان یونین ناروے  پاکستان میں ویلفیئرکے کاموں میں حصہ لیتی رہتی ہے۔ یونین کے اراکین یونین کے پلیٹ فارم پر اور اپنی انفرادی حیثیت میں بھی اس طرح کی سرگرمیوں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

گجرات کڈنی سنٹر کے بارے میں انھوں نے بتایاکہ اس  سال کے اوائل میں انھوں نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور اس دوران گجرات کڈنی سنٹر کی انتظامیہ بشمول سرپرست اعلیٰ میاں محمد اعجاز اور چیئرمین سنٹر ڈی سی گجرات ڈاکٹر خرم شہزاد سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ ایک اچھا رفاعی ادارہ ہے جہاں مستحق اور نادار لوگوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔  یہ سنٹر کچھ کاروباری لوگ اپنی مدد آپ کے تحت چلا رہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہم بھی اس کارخیر میں حصہ ڈالیں۔ یورپ خصوصاً  ناروے میں رہنے والے پاکستانیوں کی ستر فیصد آبادی کا بنیادی تعلق گجرات سے ہے اور ہم امید ہے کہ لوگ اس کام کے حوالے بھرپورتعاون کریں گے۔

ناروے واپس آکر دوستوں سے مشاورت کی ہے اور اس سال کوشش ہے کہ اگست میں ناروے اور دیگر یورپی ممالک میں گجرات کڈنی سنٹر کے حوالے سے فنڈ ریزنگ کی جائے۔ انٹرویو کے دوران جو دیگر  شخصیات موجود تھیں، ان میں پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز مہر، ثقافتی شخصیت نصراللہ قریشی، یونین کے سینئر اراکین میاں بشیرچکوڑی، چوہدری اصغر دھکڑ اور پاکستان کے سابق فلم ڈائریکٹر اور رائٹر ملک اکرم میتلا قابل ذکر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان یونین ناروے اپنی سماجی خدمات کی بدولت متعدد ایوارڈز حاصل کرچکی ہے۔ ان اعزازات میں سے کچھ قابل ذکر ہیں۔ خاص طور پر یونین کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کو  ۲۰۰۳ء میں اس وقت کے وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ نے حکومت پنجاب کی طرف سے، افواج پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی ادارہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، گجرات بار ایسوسی ایشن اور کھاریاں پریس کلب اورملکہ برطانیہ کی طرف سے نامزدہ کردہ ہائی شیرف گریٹرمانچسٹر کی طرف سے ایوارڈز دیئے ہیں۔

پاکستان یونین ناروے بھی ہرسال اگست میں اوسلو میں یوم آزادی پاکستان کی اپنی سالانہ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں ایوارڈز دیتی ہے۔ یونین کا مشاورتی بورڈ بڑی چھان بین کے بعد ان ایوارڈز کے لیے شخصیات کو نامزد کرتا ہے۔

پاکستان یونین ناروے نے پچھلے سال پاکستان میں اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو عدالتوں میں اٹھانے کے لیے ممتازقانوندان عظمت فاروق ساہی ایڈوکیٹ کو اپنا مشیر مقرر کیا ہے۔ انہی کوششوں کے نتیجے میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن پنجاب نے اسی حوالے سے اوورسیز کمیشن بنایا ہے جس کا انچارچ عظمت فاروق ایڈوکیٹ کو بنایاہے۔ اس کے علاوہ پاکستان یونین ناروے عظمت فاروق ایڈوکیٹ کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال جیو ٹی وی ودود مشتاق کو انٹرویو دیتے ہوئے

نوٹ: جیوکے ساتھ چوہدری قمراقبال کے تفصیلی انٹرویو کو اس خبر میں مکمل تحریری طور پر پیش کیا گیا کیونکہ ٹی وی پر قلت وقت کی وجہ سے مکمل انٹرویو کے بجائے اس انٹرویو کے کچھ ہی حصے نشر کئے جا سکے ہیں۔

Recommended For You

Leave a Comment