قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر نامزد

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قاسم سوری کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد کردیا۔

بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے پر عمران خان کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بلوچستان کے لوگوں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہم وہاں کے عوام کی محرومیاں دور کریں گے اور صوبے کو قومی دھارے میں لائیں گے۔

قاسم سوری کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے عمران خان اور ہماری ٹیم کے زیر توجہ ہے۔

واضح رہےکہ عام انتخابات میں قاسم سوری بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 کوئٹہ ٹو سے کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے 25 ہزار 973 ووٹ لے کر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی، پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی، متحدہ مجلس عمل کے حافظ حمد اللہ اور راحیلہ حمید درانی کو شکست دی۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے اسد قیصر کو نامزد کیا ہے، وہ گزشتہ دور حکومت میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر تھے۔

خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment